کامونکے (نامہ نگار) نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایڈووکیٹ کو شدید زخمی کر دیا، بتایا گیا ہے کہ مقامی ایڈووکیٹ رانا فلک شیر طاہر گذشتہ سہ پہر اپنی بیوی کے ہمراہ گوجرانوالہ سے واپس ہسپتال کالونی میں واقع اپنی رہائش گاہ کے قریب پہنچا تو تعاقب میں لگے دو موٹرسائیکل سوار وکیل کی اہلیہ کو پیچھے ہٹنے کا کہا اور فائرنگ سے اسے شدید زخمی کرکے آناً فاناً موقع سے فرار ہو گئے، اطلاع ملنے پر ایس ایس پی آپریشن گوجرانوالہ، ڈی ایس پی سرکل، اسسٹنٹ کمشنر اور دونوں تھانوں کے ایس ایچ اوز بھاری نفری کے ہمراہ وقوعہ پر پہنچ گئے، زخمی وکیل کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور میو ہسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ بعض حلقوں کی جانب سے اس واقعہ کو ڈسکہ میں وکلاء کی ہلاکت کے پس منظر میں دیکھا جا رہا ہے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ضلع بھر کی نفری کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔