لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈسکہ میں وکلاء اور پولیس کے درمیان تصادم کے افسوسناک واقعہ کے نتیجے میں 2وکلاء کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو ڈسکہ واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو خط لکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ڈسکہ واقعہ کی انکوائری کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں پولیس‘ آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے ٹی ایم او ڈسکہ کو معطل اور اے سی ڈسکہ کو او ایس ڈی بنانے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی کہ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ تصادم کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے آج یہاں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر فضل حق عباسی کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ اورسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد نے ڈسکہ میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی اور واقعہ میں ڈسکہ بار ایسوسی ایشن کے صدر اورایک وکیل کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا گیا۔ شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر دلی دکھ ہوا ہے۔ واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور متعلقہ ایس ایچ اوکو فوری طو رپر گرفتارکر لیا گیا ہے۔ وکلاء پربراہ راست فائرنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ وکلاء پر فائرنگ کے ذمہ دار افراد قانون کے مطابق سزا سے نہیں بچ پائیں گے اوراس واقعہ میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ پنجاب حکومت انصاف اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائے گی- عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوام کو سستے اورفوری انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کا کلیدی کردار ہے۔ وکلاء برادری نے ملک میں آزاد عدلیہ کی بحالی اور جمہوریت کے استحکام کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان ہم سب کا ہے، اسے آگے لے جانے کیلئے سب نے مل کر کام کرنا ہے۔ تھانہ اور کچہری کلچر میں بے پناہ بہتری کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں گڈگورننس اوروسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ اختیارات اور ذمہ داری کے ساتھ احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ احتساب اور اختیارات کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ وکلاء برادری کو بار اور بینچ کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے فوری انصاف کی فراہمی کیلئے متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان کیلئے 5کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں وکلاء برادری کے لئے طبی سہولتوںکی فراہمی کے حوالے سے مل بیٹھ کر طریقہ کار وضع کیا جائے۔ صدر سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن پاکستان فضل حق عباسی اور دیگر عہدیداروں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف محنت، لگن اورجانفشانی سے کام کررہے ہیں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے دیگر صوبوں کے حکمرانوں کو بھی شہبازشریف کی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک چائنہ اکنامک کوریڈورکو عملی جامہ پہنانے میں شہباز شریف کی ذاتی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ چینی سرمایہ کاری ملک میں لانے کیلئے شہباز شریف کی محنت رنگ لائی ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں محکمہ معدنیات کوجدید خطوط پر استوارکرنے کافیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ معدنیات میں ادارہ جاتی اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے سٹیئر نگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ جو محکمہ معدنیات کی تنظیم نو، استعدادکار میں اضافے اور اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ معدنیات صوبے کی معیشت کو مستحکم بنانے میں اہم کردارادا کرسکتا ہے۔ محکمہ معدنیات کو پیشہ وارانہ انداز سے کارپوریٹ ماڈل پر چلانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کے معدنی ذخائر کی بین الاقوامی معیار کے مطابق ریسورس میپنگ کرائی جائے۔ محکمے میں ادارہ جاتی اصلاحات اور استعداد کار میں اضافہ کیلئے جنگی بنیاد وں پر کام کیا جائے۔ محکمے کو فرسودہ نظام ترک کر کے جدید اور متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا۔کانوں کی لیزنگ کے نظام کو سائنسی بنیادوں پر استوار کیا جائے۔ کانوں کی لائسنسگ کے نظام کی مستقل نگرانی کا جامع میکانزم تیار کیا جائے۔ کانوں کی لیزنگ کے حوالے سے قواعد و ضوابط میں اصلاحات لائی جائیں۔ پنجاب کے معدنی سیکٹر میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی بہت گنجائش موجود ہے۔سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی محکمے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوںکی فراہمی کیلئے محکمے کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔کان کنی کی صنعت سے وابستہ کان کنوں کیلئے تمام ضروری حفاظتی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ معدنیات کی بہتری کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے اقدامات کی میں خود نگرانی کروںگا۔ہر ماہ باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بعض فیصلوں پر عملدر آمد نہ ہونے پر سیکرٹری معدنیات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اورمحکمے کی استعدادکار میں اضافے کیلئے دلجمعی سے کوشش نہیں کی گئی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ملتان کے علاقے شریف پورہ میں ایک سکول کی چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مزید براں انہوں نے گزشتہ روز صدر مملکت ممنون حسین کو فون کیا اور ان کے بیٹے محمد سلمان کے سکواڈ کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ دھماکے میں آپ کا بیٹا محفوظ رہا۔ وزیراعلیٰ نے صدر مملکت کے بیٹے کی خیریت بھی دریافت کی۔