اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہاہے کہ انسانی ہمدردی کے امورکے شعبہ میں کام کرکے بہتر دنیا کے قیام کو یقینی بنایا جا سکتاہے، سلامتی کونسل میں اختلافات کے نتیجے میں بھی بعض اوقات انسانی ہمدردی سے متعلق معاملات تاخیرکا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ترکی کے شہراستنبول میں انسانی ہمدردی کے امور سے متعلق کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس کانفرنس میں 55سربراہان حکومت و ریاست کے علاوہ 173ممالک کے مندوبین اورنمائندوں نے شرکت کی۔ بان کی مون نے کہا کہ عالمی رہنمائوں نے انسانی ہمدردی کے امورکے شعبہ میں نئے اہداف اوران اہداف کے حصول کیلئے کام پر اتفاق رائے کا اظہار کیا ہے جو خوش آئند ہے۔ ہم ایک دوسرے کی خدمت بہتر طورپر کر سکتے ہیں اور ایک دوسرے کے کام آسکتے ہیں تاہم اس کیلئے ’’عمل‘‘ کی ضرورت ہے اور ہمیں اپنی حکمت عملی میں بہتری لانی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ بحران زدہ علاقوں میں بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی ایک اہم مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس اہم کانفرنس میں جی سیون ممالک کے سربراہان، انجلا مرکل کو چھوڑ کر دیگر عدم شرکت پرمایوسی کا اظہارکیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ سلامتی کونسل میں اختلافات کے نتیجے میں بھی بعض اوقات انسانی ہمدردی سے متعلق معاملات تاخیرکا شکار ہو جاتے ہیں جس سے بحران زدہ علاقوں میں متاثرین کو ریلیف کی بروقت فراہمی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
انسانی ہمدردی کے امور کے شعبہ میں کام کر کے بہتر دنیا کا قیام یقینی بنایا جا سکتا ہے: اقوام متحدہ
May 26, 2016