پی آئی اے کے طیارے میں چھپائی گئی ہیروئن جدہ اتاری نہ جا سکی، کراچی میں پکڑی گئی

May 26, 2016

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے ٹائلٹ کے خفیہ خانوں سے 27 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ ہیروئن اسلام آباد سے جدہ بھیجی گئی لیکن وہاں اتارا نہ جا سکا۔ ہیروئن طیارے کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ 21 مئی کو اسلام آباد سے جدہ گیا۔ جدہ سے جہاز لاہور اور پھر کراچی آیا تو کسٹمز حکام نے 27 کلو ہیروئن برآمد کر لی۔ ہیروئن کی سمگلنگ میں سٹاف کے ملوث ہونے کا شک ہے، ویڈیو ریکارڈنگ سے سراغ لگایا جائے گا۔ چیف کلکٹر کسٹم زاہد کھوکھر نے بتایا کہ جدہ روانگی کے بعد ہیروئن کی اطلاع مل گئی تھی۔ امکان ہے ہیروئن اسلام آباد میں رکھی گئی۔ سٹاف کی مدد کے بغیر ہیروئن جہاز میں نہیں رکھی جا سکتی۔ چیئرمین پی آئی اے نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ عالمی مارکیٹ میں ہیروئن کی قیمت 30 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

مزیدخبریں