کوئٹہ(نوائے وقت نیوز) بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو کی درخواست ضمانت مسترد کردی، جس کے بعد نیب نے میر خالد لانگو کو گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو بلوچستان ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ انہوں نے ہائی کورٹ میں عبوری ضمانت کی درخواست جمع کرائی تھی۔ کیس کی سماعت جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس ہاشم کاکڑ نے کی۔ عدالت نے سابق مشیر خزانہ کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کردی۔ جس کے بعد نیب نے خالد لانگو کو گرفتار کرلیا۔ میر خالد لانگو کی جانب سے فاروق ایچ نائیک اور باز محمد کاکڑ نے کیس کی پیروی کی۔ واضح رہے کہ سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی کے گھر سے 73 کروڑ روپے برآمد ہوئے تھے جس کے بعد میر خالد لانگو نے مشیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ میر خالد لانگو کو نیب بیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب کرچکی ہے مگر وہ نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے ہیں ۔