اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ سے سینٹ میں قائد حزب اختلاف بیرسٹر اعتزاز احسن، ایم کیوایم رہنماء بیرسٹر سیف اور جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈرطارق اللہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر خورشید شاہ نے کہا کہ ٹی او آرز مستقبل کیلئے گائیڈ لائن ہوں گے۔ توقع ہے پارلیمانی کمیٹی متفقہ ٹی او آر تیار کر لے گی ، کھلے دل کے ساتھ اپوزیشن اور حکومت کمیٹی میں بیٹھے ہیں ، کچھ ایسے ایشوز ہیں جن پر سخت باتیں ہوں گی۔ پارلیمانی کمیٹی میں دیکھنا ہوگا کہ ملک کیلئے کیا بہتر ہے، ٹی او آرز پاکستان کے مستقبل کیلئے گائیڈ لائن ہوں گے۔ آن لائن کے مطابق خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری وزیراعظم سے ملاقات نہیں کریں گے۔ ملاقات کا مناسب وقت نہیں، حکومت پانامہ لیکس کا معاملہ پارلیمنٹ میں حل کرنا چاہتی ہے یا سڑکوں پر اسکا دارومدار حکومت پر ہے۔