کراچی ( خصوصی رپورٹر )سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کرنیوالے بجٹ کو تسلیم نہیں کرینگے ،حکومت عوام دشمن بجٹ سے اجتناب کرتے ہوئے عوام دوست بجٹ پیش کرئے ،عوام دشمن بجٹ کو کسی صورت تسلیم نہیں کرینگے،رمضان المبارک سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں ،اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، عوام کو ان کے حقوق اور ریلیف مہیا نہیں کیا گیا تو احتجاج کی کال دینے پر مجبور ہونگے ،رمضان المبارک امن ،محبت اور ایکدوسرے کے احترام کا درس دیتا ہے ،رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد کا استقبال کرنا اور خوشی منانا عبادت ہے ،رحمتوں برکتوں ،عظمتوں اور صبروالے مہینے میں حکومت بجلی کی لوڈشیدنگ ختم اور عوام کو بنیادی اشیاء پر ہنگامی طور پر ریلیف فراہم کرئے ،کرپشن کینسر کا مرض بن چکاہے جسکا آپریشن ناکیاگیا تو معیشت تباہ ہوجائیگی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر مرکزی رابطہ کمیٹی کے ارکان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔