تاندلیانوالہ: دو کمسن بہنیں کھیلتے ہوئے ٹرنک میں چھپ گئیں، دم گھٹنے سے جاں بحق

May 26, 2017

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تاندلیانوالہ کے نواحی علاقہ تھانہ باہلک کی حدود میں کھیلتی ہوئی دو کمسن بہنیں ٹرنک میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئیں۔ نعشیں برآمد ہونے پر گھر میں کہرام مچ گیا۔ رحمت کی بیٹیاں 6 سالہ ماریہ اور 8 سالہ سعدیہ چھپن چھپائی کھیلتے ہوئے ٹرنک میں چھپ گئیں جہاں ڈھکن بند ہونے سے دونوں کا دم گھٹ گیا جس سے وہ جاں بحق ہوگئیں۔ دیگر بچوں کی نشاندہی پر اہلخانہ نے ٹرنک دیکھا تو دونوں بچیاں مردہ پائی گئیں جس پر گھر میں صف ماتم بچھ گئی۔ اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو لواحقین نے اتفاقیہ حادثہ قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی سے انکار کر دیا۔ تاندلیانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق والدین پورے گائوں میں تلاش کرتے رہے۔ دونوں بچیوں کی افسوسناک ہلاکت سے پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔

مزیدخبریں