حرمین شریفین کو خطرہ ہوا تو خود گن لے کر حفاظت کرنے جائونگا: شیخ رشید

May 26, 2017

اسلام آباد ( راولپنڈی+صباح نیوز +نوائے وقت رپورٹ)عوامی مسلم لیگ کے سر براہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر سعودی عرب پر برا وقت آیا تو خود اپنی بندوق لیکردفاع کیلئے جائوں گا۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ اب مسلم لیگ (ن) کا جنازہ نکلے گا۔ غیر مقبول قیادت سے ملکی سالمیت دائو پر لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو پتہ ہے اقتدار میں نہ رہے تو جیل جانا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کو خطرہ ہوا تو خود گن لیکر حفاظت کے لئے جائوں گا۔ دریں اثناء شیخ رشید نے راولپنڈی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں کم از کم تنخواہ 23ہزار روپے ہونی چاہئے۔ بجٹ خسارہ470ارب کا ہے۔ میری خواہش ہے سی پیک کے ساتھ ہم بھی ترقی کی طرف بڑھیں۔ نواز شریف کی اپنی آف شور کمپنیاں ہیں، کون اس ملک میں پیسہ لائے گا ، شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے اہم ترین لوگ مجھ سے رابطے میں ہیں مسلم لیگ ن نفرت کا نشان بن چکی ہے۔ حلقہ 55اور 56میں ایفی ڈرین کی ضمانت ضبط کرائوں گا۔ حلقہ انتخاب کے بارے میں عمران خان جو فیصلہ کرے گا وہ مجھے قبول ہو گا۔ پانامہ لیکس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم چیلنج کی جا رہی ہے۔ پانامہ لیکس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم چیلنج کی جا رہی ہے۔ جے آئی ٹی ’’پپو ‘‘کو تنگ کر رہی ہے۔مجھ پر 4خود کش حملے ہوئے، جان ہتھیلی پر رکھ کر سیاست کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی سے سیاسی اتحاد نہیں کریں گے۔ نواز شریف نے جس دن سچ بولا ان کی سیاست کا آخری دن ہو گا۔ ملک کیلئے آئندہ 100دن بہت اہم ہیں۔ حکومت ن ے لیپ ٹاپ تقسیم کر کے نوجوانوں کو خریدنے کی کوشش کی ۔ پیپلز پارٹی سے انتخابی نہیں ’’ گو نواز گو‘‘ کا اتحاد کریں گے۔ رمضان کے بعد گو نواز گو کی تحریک چلائیں گے۔ نواز شریف میں آ رہا ہوں آپ جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں