اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان نے جعلی منی ٹریل جمع کرائی ہے ٗ پی ٹی آئی چیف کو ایک جھوٹ چھپانے کیلئے سو جھوٹ بولنا پڑیں گے ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے جمع کرائی گئی منی ٹریل سے معلوم ہوا ہے کہ انھوں نے جمائمہ خان سے جو قرض لیا ہی نہیں تھا وہ 18 اپریل 2003 ء کو واپس کر دیا تھا ٗاس بات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ اصل میں قرض راشد خان نے لیا تھا جس بات کا راشد خان نے اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے لیا گیا قرض 2002 ء میں عمران خان کو واپس کر دیا تھا۔ راشد خان کے بیان سے ثابت ہوتا ہے کہ انھوں نے عمران خان کی جانب سے لندن فلیٹ فروخت کیے جانے سے قبل لیا گیا قرض ادا کر دیا جبکہ جمائما فلیٹ فروخت کیے جانے کے بعد پیسے واپس کر رہی ہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان اس ہیر پھیر کے دوران پکڑے گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ جمائمہ کا اس سے قبل دیا گیا بیان یہ تھا کہ عمران خان نے بلیک منی سے بنی گالہ کا گھر خریدا ہے ،جمائمہ کہہ چکی ہیں کہ عمران خان نے بینامی جائیداد خریدی اور میرے نام پر رکھی ۔دانیال عزیز نے کہا کہ اب وہ اس کی منی ٹریل جمع کرانے کیلئے تیار نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ اس بیان کے بعد سے اب تک جمائمہ کی کوئی بھی بنک سٹیٹمنٹ اور لین دین کی رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی اور نہ ہی عمران خان نے 2003ء کی اپنی بنک سٹیٹمنٹ جمع کرائی ہے۔
عمران خان نے جعلی منی ٹریل جمع کرائی ہے : دانیال عزیز
May 26, 2017