کراچی(کامرس رپورٹر) وزارت تجارت نے چھالیہ کی ری شپمنٹ کی اجازت دینے پر آمادگی ظاہر کردی ہے ساتھ ہی املی کے امپورٹ پرمٹ جاری کرنے کی یقین بھی دہانی کروائی ہے۔اسلام آباد میں سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگا اور درآمدکنندگان کے ساتھ ہونے والے اجلاس میںڈی جی پلانٹ پروٹیکشن ڈاکٹر وسیم، ڈی جی ٹریڈ پالیسی محمد اشرف ،عاطف عزیز، ڈائریکٹر ٹیرف اشفاق احمد جبکہ درآمدکنندگان کی جانب سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری( کے سی سی آئی) کے سابق صدر محمد ہارون اگر،پاکستان کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن( پی کے ایم اے) کے چیئرمین وسیم الرحمان ودیگر شریک تھے۔پاکستان کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین وسیم الرحمان نے سیکریٹری تجارت کو بتایا کہ چھالیہ کی ری شپمنٹ کے مسئلے پر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے کراچی میں چیف کلکٹر سے ملاقات کی اور چھالیہ کے کنسائمنٹس کی ری شپمنٹ کی اجازت دینے کی درخواست کی۔چیف کلکٹر نے کہاکہ وہ وزارت تجارت سے اس حوالے سے اجازت حاصل کریں گے ۔سیکریٹری تجارت نے کہا کہ وہ اس مسئلے کا جائزہ لیں گے۔