خدمت خلق فائونڈیشن کو آج مکمل آزادی نہیں‘ خالد مقبول صدیقی

کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر اور بورڈ آف ٹرسٹی خدمت خلق فائوئڈیشن ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیوایم جہاں ایک روایت شکن تنظیم ہے وہاں اچھی روایتوں کی پاسبان بھی ہے ،خدمت خلق فائونڈیشن نے خدمتوں کی وہ مثالیں قائم کی ہیں جس کو اگر سیاست کی نذر نہ کیا جاتا تو یہ خدمت خلق فائونڈیشن پاکستان کی پہلی نہیں تو سب سے بڑی رفاعی تنظیم ہوتی شاید آج بھی ہوتی ، سب لوگ جانتے ہیں کہ جب 2005ء میں پاکستان کے شمالی علاقے زلزلہ کی زد میں تھے تو وہاں کون سب سے پہلے پہنچا ،خدمت خلق فائونڈیشن کی بھی اپنی ایک سنہری تاریخ ہے یہ حالات کا جبر ہے کہ آج خدمت خلق فائونڈیشن کو مکمل آزادی نہیں ہے اس کی کچھ وجوہات کچھ الزامات ، اندیشے ، تحفظات ہونگے ، ہم ارباب اختیار سے بار بار کہتے رہے ہیں کہ ہمارے ساتھ بیٹھیں ہم آپ کے تمام تحفظات کو دور کرنے کیلئے تیار ہیں ، یہ ایک عظیم الشان فلاحی اور رفاعی تنظیم ہے خدا کیلئے ہماری سیاست کو ملنے والی سزا اس چیئریٹی آرگنائزیشن کو نہ دی جائے ،ایک با ر پھر یقین سے اس بات کی وضاحت ایم کیوایم اور خدمت خلق فائونڈیشن کرتی ہے یہ سیاست کا نہیں خدمت کا ادار ہ ہے ، جہاں ضرورت مند ہیں وہاں خدمت خلق فائونڈیشن پہنچنا چاہتی ہے اور تیار ہے لیکن اس کو اجازت دی جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے رمضان المبارک میں غرباء ، مساکین ، مستحقین اور یتیموں کی امداد کیلئے خدمت خلق فائونڈیشن کے صدر دفتر میں منعقدہ بڑے امدادی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، ڈپٹی کنوینر کنورنوید جمیل ، کیف الوریٰ ، رابطہ کمیٹی کے اراکین ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، ڈسٹرکٹ کے چیئرمین اور معززین شہر بھی موجود تھے ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ مستحقین کی امداد کی روایت جو کہ آج اس پنڈال کی شکل میں موجو دہے یہ تسلسل 40سال کا ہے۔
مقبول صدیقی

ای پیپر دی نیشن