مقبوضہ کشمیر: دستی بم حملے میں3 پولیس اہلکار ہلاک‘2 زخمی‘ شہری کی گلا کٹی نعش برآمد

May 26, 2018

سرینگر( اے پی پی + کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن سے ایک 38 سالہ شہری کی نعش ملی ہے جس کا گلہ کٹا ہوا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یعقوب وگے جو پیشہ کے لحاظ سے ایک قصائی تھا کی نعش حاجی کے علاقے گنڈپرنگ میں اس کے گھر کے باہر سے ملی ہے۔ ادھر جموں میں دستی بم کے ایک دھماکے میں ایک ایس ایچ او سمیت تین بھارتی پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔ گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے جموں میں جنرل بس سٹینڈ کے قریب پولیس کی گاڑی پر دستی بم پھینکا جس سے تین پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے دھماکے کے فوراً بعد بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کیلئے علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ بھارتی فوج نے سرحدی ضلع کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اس دوران طرفین کے درمیان مختصر جھڑپ بھی ہوئی۔ فوج کی فائرنگ سے جنگجوئوں کا گروپ واپس جانے میں کامیاب ہوگیا تاہم فوج کے مطابق جنگجو بھارتی ہتھیار چھوڑ کر چلے گئے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارتی فورسز کے اہلکاروںکی طرف سے کشمیری خواتین کی مسلسل جنسی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر گوگوئی جیسی کالی بھیڑیں تمام اقدار کی دھجیاں اڑاتے ہوئے معصوم لڑکیوں کی آبروریزی کر رہی ہیں۔ انہوں نے بھارت کی تہذیبی و ثقافتی جارحیت کو کشمریوں کے لئے سم قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میر گگوئی کی شرمناک حرکت سے اس بات کا اندازہ لگانا زیادہ مشکل نہیں ہے کہ رہائشی بستیوں کے اندر بھارتی فوجی کیمپوں کی موجودگی کس قدر خرابی کا باعث ہے۔ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسی ملک نے پارٹی رہنمائوں سراج الدین میر، عبدالرشید مغلو اور شیخ نذیر احمد کی جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ پولیس اہلکاروں سے ہتھیار اڑانے پر روک لگانے کے لئے محکمہ نے اہلکاروں کو دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ پہننے اور اپنی ہتھیارں کو زنجیر سے کمر بند کے ساتھ باندھے کے علاوہ سمارٹ فون استعمال نہ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس آرمڈ اے چودھری کی طرف سے جاری حکم نامہ میں 7 نکات پر مشتمل آرڈر میں کہا گیا ہے’’ اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ حالہ ایام میں ہتھیاروں کو چھیننے کے واقعات کے وجوہات یہ سامنے آئی ہیں کہ ڈیوٹی پر تعینات سنتری بیشتر اوقات کے دوران اپنے سمارٹ فونوں کے ساتھ مشغول رہے۔ فوجی میجر لتل گگوئے کے ہمراہ گزشتہ روز سرینگر کے ایک ہوٹل میں مشکوک حالت میں حراست میں لی گئی دوشیزہ کی والدہ نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ ایک رات جب میجر گگوئے ان کے ٹین شیڈ میں سادہ کپڑوں میں داخل ہوئے تو وہ بے ہوش ہوگئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میجر گگوئے اور سمیر ملہ اکثر رات کے دوران ہمارے مکان میں داخل ہوتے ، جبکہ میجر گگوئے کی موجودگی سے میں خوف و ہراس میں مبتلا ہوتی۔ انہوں نے بتایا کہ سمیر میرے بیٹی کے ساتھ باتیں کرتا ، جس سے مجھے شک ہوا، تاہم یہ معلوم نہیں تھا کہ اس کو فوجی میجر کے ساتھ ہوٹل میں حراست میں لیا جائے گا۔

مزیدخبریں