اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کہا ہے کہ بہاولپور صوبہ قائداعظم کا فیصلہ اور شہداء کی امانت ہے۔ اس کے خلاف غداری اور شرارت کرنے والے شاہ محمود قریشی بہت جلد تحریک انصاف میں عبرت کا نشان بننے والے ہیں۔جمعہ کو میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ بہاولپورصوبہ کی نفی کرکے شاہ محمود نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی توہین کی ہے جس پر انہیں معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بہاولپور صوبہ قائداعظم کا فیصلہ اور ایک تاریخی، قانونی وآئینی حقیقت ہے۔ جس کا انکار کرکے شاہ محمود قریشی یحیٰی خان کے پیروکار بن گئے ہیں۔ محمد علی درانی نے کہاکہ بانی پاکستان کے وعدے کو دفن کرنے اور اہل بہاولپور کے حقوق کا قتل عام کرنے والا ہر مخالف یحیی خان کی طرح تاریخ کے کوڑے دان میں جائے گا۔ کیونکہ بہاولپور صوبہ کی بنیاد میں شہداء کا خون شامل ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی بہاولپور سے ہی نہیں سرائیکی صوبے سے بھی غداری کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی بہت جلد پی ٹی آئی میں عبرت کا نشان بن جائینگے‘ محمد علی درانی
May 26, 2018