لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ سعدرفیق نے لاہور میں عمران خان سے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ سعدرفیق نے کہا ہے کہ عمران خان جس حلقے سے انتخاب لڑیں گے‘ مقابلہ کروں گا۔ حلقہ بندیوں کے باوجود مسلم لیگ(ن) کا ووٹ بنک متاثر نہیں ہوگا۔ نوازشریف کا جمہوری بیانیہ ہی الیکشن میں مقبول ہوگا۔ نوازشریف کی ثابت قدمی نے مخالفین کو پریشان کردیا۔ نوازشریف پر کرپشن الزامات کو لوگ سچ ماننے کو تیار نہیں۔ عوام کا شعور ہماری اصل طاقت بنے گا۔ نوازشریف کی مقبولیت پر حملے کرنے والے پریشان ہیں۔ آئی این پی کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے ریلوے کی5سالہ کار کردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہنے کو تو ہمیں پانچ سال ملے لیکن پریکٹیکل طور پر ہمیں پونے چار سال ہی ملے ہیں، حالیہ دس ماہ سے بھی کشمکش جاری ہے‘ مکالمہ ہمیشہ کوئی ناکوئی راستہ نکالتا ہے۔ ہم نے دم توڑتے بڑے ادارے کو واپس اس کے پائوں پرکھڑا کیا ہے‘ ریلوے اس وقت 50 ارب روپے کے ریونیو کو ٹچ کررہا ہے۔ یقین ہے جولیڈرشپ چھوڑکرجارہاہوں وہ ریلوے کی سمت درست رکھے گی۔ ہمارے دور میں ریلوے میں ٹرانسفر، پوسٹنگ اور بھرتیاں میرٹ پر ہوئی ہیں‘ اب ریلوے میں کوئی گھوسٹ پنشنر نہیں ہے‘ یہاں اب واجبات وقت پر ملتے ہیں۔ پنشن اور تنخواہوں کا بہت بڑا مسئلہ تھا جو حل ہوچکا ہے۔ ریلوے میں ہر سیاسی جماعت کی سوچ رکھنے والی ایسوسی ایشنز ہیںمحنت کشوں نے پوری نیت کے ساتھ ہمارے ساتھ تعاون کیا،ہمارے5سال کی مدت پوری ہونے میں چندروزباقی ہیں‘ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے تعاون سے ریلویز کا 20سے 25سال کا بزنس ماڈل تیار کیا جارہا ہے ،پانچ سالوں میں ریلوے کاخسارہ صرف تین ارب بڑھا جبکہ اس کے مقابلے میں آمدن میں 32ارب کا اضافہ کیا جو رواں مالی سال کے اختتام پر 50ارب ہو جائے گی‘ملک میں اب 90،100یا 200دن کی باتیں احمقانہ ہیں ۔ وہ جمعہ کے روز ریلو یز ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کررہے تھے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں ریلوے میں ایک تگڑی ٹیم چھوڑ کر جارہا ہوں جو یقینی طور پر ریلو یز کے مفادات کا تحفظ کرے گی۔