سمبڑیال‘ بھلوال، کالاباغ‘ شہداد کوٹ‘ مردان، رکن پور (نمائندگان) مختلف واقعات میں نہر اور دریا میں نہاتے ہوئے 9بچوں سمیت 12افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ نہر اپر چناب سمبڑیال میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب گئے، ریسکیو 1122 کا عملہ نعشوں کی تلاش میں مصروف، تاحال کوئی نعش نہ مل سکی۔ عدالت گڑھا سیالکوٹ کے دو نوجوان محمد آصف اور محمد حسین نہر اپر چناب الیوالی پل کے قریب نہارہے تھے کہ اچانگ گہری لہروں کی نذر ہوگئے۔ علاوہ ازیں بھلوال میں پانچ روز قبل غائب ہونیوالی بچے کی نعش نہر سے مل گئی۔ علاوہ ازیں کالاباغ کے مقام پر الیاس دریائے سندھ کی لہروں کی نذر ہو گیا۔ شہدادکوٹ میں گرمی کے ستائے نہر میں نہاتے ہوئے 3بچے ڈوب گئے‘ مرنے والوں میں 12سالہ بلال سومرو‘ 13سالہ شاہد حسین جمالی اور اسکا 15سالہ کزن ناصرجمالی شامل ہیں۔ مردان میں دو الگ الگ مقامات پر نہر میں نہاتے ہوئے پانی میں ڈوب کر دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ مقامی افراد اور ریسکیو کی غوطہ خور ٹیموں نے ڈوبنے والے افراد کی نعشوں کو پانی سے نکال لیا۔ مرنے والوں میں سعید‘ سدیس اور قاسم شامل ہیں۔ چاچڑاں شریف کے قریب دریائے سندھ میں نہاتے چار بچے ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں چاندی شاہ اور ثمرو جبکہ آصف اور سلمان شاہ آپس میں بھائی ہیں۔ دریں اثناء کالاباغ کا رہائشی اور کھاد فیکٹری اسکندر آباد کے انجینئر قیصر نواز کے سویڈن کے بوروز ڈسٹرکٹ ہسپتال میں میڈیکل آفیسر کے عہدے پر تعینات بھائی ڈاکٹر محمد فیصل نواز نارو سویڈن میں کیلارک جھیل میں تیراکی کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ متوفی 11 سال قبل بی ایچ یو حسین والا اور وتہ خیل، جناح ہسپتال یورالوجی ڈیپارٹمنٹ اور شریف میڈیکل ہسپتال لاہور میںاپنی ڈیوٹی سر انجام دیتا رہا۔