عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارت کو اجمل قصاب کا ایڈریس نواز شریف نے دیا، مریم نواز بے نظیر نہیں بن سکتی ،میڈیکل کالج میں سفارش سے داخلہ لینے والی اور جنہوں نے داخلہ کروایا اگر وہ بات میں کروں تومجھے جیل بھجوا دیا جائے گا ، یہ ایک جذباتی بچی ہے۔ کرپٹ سیاستدان وہ سیاسی طوائفیں ہیں جو ہر آنگن میں ناچتی ہیں اس لئے ایسے عناصر کو معاشی ،سیاسی اور ہر لحاظ سے ختم کردیناچاہئے ،اس وقت ایک ایسے سفاک ڈکٹیٹر کی ضرورت ہے جو پاکستان میں کڑا احتساب کرے کیونکہ صرف نواز شریف نہیں بلکہ آدھی قوم بے ایمان ہوگئی ہے، اس وقت پاکستان میں دنیا کی تمام خفیہ ایجنسیاں سرگرم عمل ہیں اور اس کی وجہ چین کا سی پیک لیکر پاکستان میں آناہے ،سی پیک میں پاکستان سے زیادہ چین کا اپنا مفاد ہے کیونکہ اس کا جومال55دن میں دبئی پہنچتا ہے تھا اب وہ 15دن میں جائے گا اس لئے ہم کو بھی محتاط رہنا ہوگا‘7مرتبہ وزیر بن کر اتنی عزت نہیں ملی جو ختم نبوت کا دفاع کرکے ملی ہے ‘ میری آخری امید عمران خان سے ہے،قوم کوچاہئے کہ ایک مرتبہ عمران خان کوبھی موقع دے ۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ لیبیا کے صدر قذافی نے مجھ سے کہا تھا کہ بلوچستان کے معاملے میں محتاط رہنا 2020سے لیکر 2025تک بلوچستان میں اتار چڑھاﺅ آئیں گے ، انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی جیسے ہی وزارت اعظمیٰ سے اتریں گے ان کے خلاف ایل این جی کاکیس کھل جائے گا ، انہوں نے 200ارب کی کرپشن کی ہے ،انہوں نے کہا کہ نوازشریف غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اورملک بڑے ناز ک حالات سے گزر رہا ہے ،اس لئے قوم کو اپنے اوپر آرام حرام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت آدھی قوم بے ایمان ہو گئی ہے صرف نواز شریف کرپٹ نہیں اس لئے ضروری ہے کہ ایک سفاک اور ایماندار قسم کا ڈکٹیٹر ضروری ہے جو کڑا احتساب کرے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پارٹیاں بدلتے ہیں یہ عدت کے دن پورے نہیں کر سکتے ، انہوں نے کہا کہ مجھے سات مرتبہ وزیر بن کر اتنی عزت نہیں ملی جو ختم نبوت کا دفاع کرکے ملی ہے میں جہاں جاتا ہوں لو گ عزت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ مشرف کا خیال تھا کہ میں اور بے نظیر بہت اچھا چل سکتے ہیں لیکن اللہ کو کچھ اور منظور تھا۔بے نظیر کوشہید کرنے والے ان کوشہید کرنے کے بعد مجھے مارنے آرہے تھے لیکن اللہ نے مجھے بچا لیا۔نواز شریف کے بیانئے کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ فوج نے یہ کام کیا کہ دو نمبر لوگوں کو خانہ نمبر ایک میں لے لیا ان کاخیال تھا کہ یہ چھوٹے لوگ ہیں اور وفادار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ایجنڈا ملک ڈبونا ، فوج کوتباہ کرنا اور عدلیہ کی تذلیل کرنا ہے ، اس لئے کسی کو نواز شریف کے قریب نہیں جانا چاہئے ، 23مارچ کو کچھ لوگوں نے اس کے قریب جانے کی کوشش کی تھی لیکن میں نے روک دیا ، انہوں نے کہا کہ نواز، شہباز میں کوئی فرق نہیں ایک ڈیزائنر ہے اور دوسرا پلانر ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ سیاستدان وہ سیاسی طوائفیں ہیں جو ہر آنگن میں ناچتی ہیں اور ملک کا بیڑا غرق کرتی ہیں۔اس لئے عوام کوچاہئے کہ جہاں ایسے عناصر کوپائیں ان کو معاشی ، سیاسی ہر لحاظ سے ختم کریں۔پنجاب کے سارے منصوبے جیل کامیٹریل ہے میں چاہتا ہوں کہ غریب کے بچے کا بھی کوئی مستقبل ہووہ بے چارہ صرف نعرے مارنے کیلئے نہ رہ جائے ، میری آخری امید عمران خان سے ہے،قوم کوچاہئے کہ ایک مرتبہ عمران خان کوبھی موقع دے اگر قو م نے موقع نہ دیا تو یہ بہت بڑا حادثہ ہوگا۔مریم نواز بے نظیر نہیں بن سکتی ،میڈیکل کالج میں سفارش سے داخلہ لینے والی اور جنہوں نے داخلہ کروایا اگر وہ بات میں کروں تومجھے جیل بھجوایا جائے گا ، یہ ایک جذباتی بچی ہے۔انہوں نے کہا کہ اجمل قصاب کا ایڈریس بھارت کو نواز شریف نے دیا اور آئندہ چند روز میں کارگل پر بات کرکے وہ ملک کومزید نقصان پہنچائیں گے۔
مریم نواز بے نظیر نہیں بن سکتی, بھارت کو اجمل قصاب کا ایڈریس نواز شریف نے دیا:شیخ رشید
May 26, 2018 | 22:10