کراچی (نوائے وقت رپورٹ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس اور رینجرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ دہشت گردوں اور قانون شکنوں کے خلاف رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مزید تیز کریں تاکہ لوگ اپنی شاپنگ اور دیگر کاروباری سرگرمیوں سے پْرامن طریقے سے لطف اندواز ہو سکیں۔انہوں نے یہ بات ہفتے کو وزیراعلیٰ ہائوس میں امن و امان سے متعلق ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ایک پریزنٹیشن کے ذریعے اجلاس کو بتایا کہ سندھ بھر میں 2686 پولیس اہلکاروں کو 7397 مساجد اور 302 کھلے مقامات جہاں تراویح ادا کی جارہی ہیں، کی سکیورٹی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اہلکاروں کو انٹیلی جنس مقاصد کے لیے سادہ کپڑوں میں بھی تعینات کریں۔انہوں نے کہا کہ لوگ پولیس ،رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی میں خود کو محفوظ تصور کریں اور اْنہیں کسی بھی قسم کی ہراسانی یا پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔