برلن(این این آئی )جرمنی میں سامیت دشمنی کے انسداد کے نگران کمشنر فیلکس کلائن نے یہودیوں کو جرمنی میں ہر جگہ ’کِپّا‘ پہننے کے خلاف خبردار کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہاکہ وہ موجودہ حالات میں یہودیوں کو یہ مشورہ نہیں دے سکتے کہ وہ جرمنی میں ہر جگہ اپنی یہ مذہبی ٹوپی پہنیں۔ ان کے مطابق ماضی کے مقابلے میں ان کی رائے اس تناظر میں تبدیل ہوئی ہے اور یہ بڑے افسوس کی بات ہے۔ کلائن نے مزید کہا کہ یہودیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد میں انٹرنیٹ اور سماجی ویب سائٹس کا بھی ہاتھ ہے۔ فیلکس کلائن نے اس سلسلے میں پولیس اور دیگر اہلکاروں کو خصوصی تربیت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔