کوہستان (نوائے وقت رپورٹ) کوہستان ویڈیو سکینڈل کی خونیں کہانی میں ایک اور خونیں موڑ آ گیا۔ بٹگرام کی تحصیل الائی کے گائوں بیاڑی میں غیرت کے نام پر ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔ مقتول وقار کوہستان ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار مقتول افضل کوہستانی کا رشتے دار ہے۔ وقار کو مبینہ طور پر مقتول افضل کوہستانی کے بھائی گل نذر نے قتل کیا۔ گل نذر کو شبہ تھا کہ مقتول کے افضل کوہستانی کی بیوہ سے مراسم تھے۔ ذرائع کے مطابق مقتول کے بھائی سلیمان نے الزام لگایا ہے کہ گل نذر اور اس کے ساتھی افضل کی بیوہ کو قتل کرنے نکل گئے ہیں افضل کی بیوہ خاوند کی وفات کے بعد میکے ایبٹ آباد میں رہائش پذیر ہے۔ پولیس نے افضل کوہستانی کے بھائی گل نذر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ایس ایچ او تھانہ نیا الائی نوید خان کے مطابق ایبٹ آباد پولیس کو قانون کی حفاظت کا بتا دیا گیا ہے۔ افضل کوہستانی نے اپنے بھائیوں کو چھپا کر غیرت کے نام پر قتل کے خلاف سات سال جدوجہد کی جدوجہد کے دوران افضل کے تین بھائی اور پھر وہ خود قتل کر دیئے گئے۔