ملتان (بی بی سی ڈاٹ کام) ملتان کے ایک نجی سکول میں خاتون استاد کی ہلاکت کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے سکول انتظامیہ اور مالکان کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئِے قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔اسما بی بی نامی استانی کی ہلاکت کا واقعہ 13 مئی کو پیش آیا تھا اور سوشل میڈیا پر مہم اور سول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد ڈپٹی کمشنر نے اس کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی ایک کمیٹی قائم کی تھی۔ اس کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موت کی وجہ طبی امداد کی فراہمی میں تاخیر بنی جس کے لیے بروقت اقدامات نہیں کیے گئے۔کمیٹی کے رکن ایس پی ملتان احمد نواز شاہ نے بتایا کہ کمیٹی نے تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ طور پر سفارشات مرتب کی ہیں اور رپورٹ مزید کارروائی کے لیے اعلیٰ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسما بی بی کے لواحقین کے پاس بھی اختیار موجود ہے کہ اگر وہ چاہیں تو قانونی کارروائی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں جس پر سکول انتظامیہ اور مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گئی۔اسما کے والد محمد غلام یاسین اور ان کے وکیل بیرسٹر ہادی علی کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ موصول ہونے کے بعد سکول انتظامیہ اور مالکان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔
ملتان میں خاتون ٹیچر کی ہلاکت تحقیقاتی کمیٹی کی سکول انتظامیہ اور مالکان کیخلاف کارروائی کی سفارش
May 26, 2019