سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کی سماعت کیلئے 6 بنچوں کی تشکیل

May 26, 2019

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس آصف سعیدکھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ سوموار سے ملکی تاریخ کی پہلی ای کورٹ میں مقدمات کی سماعت کریگا ، ای کورٹ میں سنے جانے والے مقدمات کی کاز لسٹ بھی جاری کردی گئی ہے جبکہ مقدمات کی سماعت کی ویڈیوبھی سرکاری میڈیاکے توسط سے نجی میڈیا کو فراہم کی جائے گی۔ نجی میڈیا کے نمائندگان کو کیمرے کمرہ عدالت میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔دریں اثناء سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کی سماعت کیلئے 6 بینچ تشکیل دیئے گئے ہیں جو کل سوموار سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اسلام آباد ، کراچی اور لاہور رجسٹریوں میں اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔ اسلام آباد میں تین، کراچی میں ایک جبکہ لاہور میں دو بینچ مقدمات کی سماعت کریں گے۔ بینچ نمبر ایک چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میںجسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم میاں خیل پر مشتمل ہے ، یہ بینچ کل سے وڈیولنک کے ذریعے کراچی رجسٹری سے براہ راست مقدمات کی سماعت کا باقاعدہ آغازکرے گا ،فاضل بینچ اسلام آباد میں ملکی تاریخ کی پہلی ای کورٹ کا آغاز کرے گا،جس کی مکمل تیاری کرلی گئی ہے او ر ان مقدمات کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے۔ بینچ نمبر دو جسٹس گلزار احمد اور جسٹس یحیی آفریدی پر مشتمل ہے ، بینچ نمبر تین میں جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسی شامل ہیں یہ تینوں بینچ اسلام آباد میں پرنسپل سیٹ پر مقدمات سنیں گے۔ کراچی میں مقدمات کی سماعت کیلئے تشکیل واحدبینچ جسٹس مقبول باقر ، جسٹس فیصل عرب اور جسٹس منیب اخترپر مشتمل ہے۔ لاہور رجسٹری میں دو بینچ مقدمات سنیں گے ، پہلا بینچ جسٹس شیخ عظمت سعید ، جسٹس عمر عطابندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل ہے جبکہ بینچ نمبر دو جسٹس منظور احمد ملک ، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس قاضی محمد امین پر مشتمل ہے۔

مزیدخبریں