شہباز شریف کس تاریخ کو پیش ہونگے: عدالت، حاضری سے ایک روزہ استثنیٰ منظور

لاہور( اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی ہے۔ حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہو ئے ۔عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ عدالت فراخ دلی سے آپ کو سہولت دیتی رہی ہے ، ہمارے پاس کیا رپورٹ ہے جس کی بنیاد پر یقین کرلیں کہ واقعی علاج پاکستان میں ممکن نہیں۔شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ شہباز شریف کے ٹیسٹ کی پاکستان میں سہولت میسر نہیں جس کی وجہ سے انہیں بیرون ملک رکنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان کے ڈاکٹرز نے برطانیہ میں علاج تجویز کیا ہے، شہباز شریف مستقل استثنیٰ نہیں مانگ رہے صرف دو ہفتوں کی بات ہے، استدعا ہے کہ عدالت شہباز شریف کی دو ہفتوں کے لئے حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کرے۔ شہباز شریف کا 7جون کو ٹیسٹ ہونا ہے اور اس کی رپورٹ آتے ہی وہ پاکستان آ جائیں گے۔نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے استثنیٰ کی درخواست کے خلاف اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گئے، ملزم کی جانب سے بار بار حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دی جاتی ہے۔ آشیانہ اقبال سکینڈل کے ملزم اور گواہ ہر سماعت پر موجود ہوتے ہیں، ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی بار بار کی درخواستوں کی وجہ سے کیس کا ٹرائل رکا ہوا ہے۔عدالت نے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کو ہدایت کی کہ وہ شہباز شریف سے پوچھیں وہ کس حتمی تاریخ کو عدالت کے روبرو پیش ہوں گے جبکہ عدالت نے نیب کو شہباز شریف کی 14 دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

ای پیپر دی نیشن