کراچی (کامرس رپورٹر)ملکی معیشت کی سست روی کے باعث فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رواں مالی سال کے ابتدائی10ماہ کے دوران نئی کاروں کی رجسٹریشن سے ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت10.2فیصد کمی سے8ارب20کروڑ روپے وصول کئے ہیں۔ پچھلے مالی سال 2017-18میں جولائی تااپریل کے10ماہ میں ایف بی آر نے نئی کارو ں کی رجسٹریشن سے ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں9ارب23کروڑ روپے وصول کئے تھے۔ زیرتبصرہ عرصے میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت غیر معمولی طور پر بڑھنے اورنان فائلرز پر نئی کاریں خریدنے پر پابندی کے نتیجے میں نئی کاروں کی فروخت میں4.5فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم اب حکومت نے نان فائلرز پرنئی کاریں خریدنے کی پابندی ختم کردی ہے۔ آٹوموبائل ڈیلرز کاکہناہے کہ معاشی بحران اور خصوصاً ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے سے نان فائلرز پرنئی کاریں خریدنے کی پابندی ختم ہونے کے باوجود کاروں کی فروخت بڑھنے کی بجائے کم ہورہی ہے۔ ڈیلرز کا کہناہے کہ آئی ایم ایف سے کئے گئے بیل آئوٹ پیکیج کے معاہدے کے بعد ڈالر کی قیمت میں مزید اضافے س کاراسمبلرز آئندہ ہفتوں میں کاروں کی قیمتوں میں اضافہ کریں گے جس کے باعث نئی کااروں کی فروخت میں مزید کمی ہوگی۔ ڈیلرز نے بتایا کہ بڑی کاریں مہنگی ہونے اور پیٹرولیم کے نرخ بڑھنے سے چھوٹی استعمال شدہ کاروں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔