دبئی نے بدھ 27 مئی سے جِم ، سینما گھر اور دوسری کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا ہے۔دبئی میڈیا آفس کے مطابق کاروباروں کو صبح چھے بجے سے رات گیارہ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی لیکن انھیں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی عاید کردہ پابندیوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا یہ اعلان دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد کے زیر صدارت سپریم کمیٹی برائے بحران اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کے ورچوئل اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔اجلاس میں امارت میں کرونا وائرس کی وبا کے بعد صحت ، اقتصادی اور سماجی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔کمیٹی نے سخت حفاظتی احتیاطی تدابیر پر کوئی سمجھوتا کیے بغیر کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔کاروباری مراکز اور عوامی مقامات پر تمام افراد چہروں پر ماسک پہننے کے پابند ہوں گے اور عوامی مقامات پر لوگ ایک دوسرے سے کم سے کم دو میٹر کا فاصلہ لازمی برقرار رکھیں گے۔جن کاروباروں کو کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے، ان میں تھوک اور پرچون کی دکانیں،تعلیمی اور تربیتی ادارے ،بچوں کے تربیتی مراکز ، کھیلوں کی اکادمیاں ، اندرون خانہ جِم ، فٹنس کلب ، سینما گھر اور مختلف تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات میں شامل دبئی نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ بعض سخت پابندیوں میں نرمی کی ہے۔ قبل ازیں قومی تطہیر پروگرام کے تحت امارت میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ تھا۔اسی ماہ کے اوائل میں دبئی نے پانچ یا اس سے کم افراد کو ہوٹل بیچز پر جانے اور کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ریستورانوں اور دکانوں کو سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے کھول دیا گیا تھا لیکن انھیں اپنی گنجائش کے صرف تیس فی صد کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔شاپنگ مالوں میں ازدحام سے بچنے کے لیے پارکنگ کی دستیابی صرف 25 فی صد تک محدود کردی گئی تھی۔بیوٹی سیلونوں کو بھی کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے لیکن وہاں گاہک پہلے سے وقت طے کرکے اور صرف زلف تراشی یا ناخن تراشی کے لیے جاسکتے ہیں۔