کرونا،مزید92اموات،لاہور سمیت دیگر اضلاع میں 7جون سے سکول کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی) صوبہ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کو دیکھتے ہوئے لاہور سمیت باقی تمام اضلاع میں آئندہ ماہ 7 جون سے تمام سکولوں کو کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس اہم فیصلے کی اطلاع صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے ایک بیان میں دی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور سمیت باقی ماندہ اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں مشاورت ہوئی۔ اس مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ 7 جون سے باقی ماندہ اضلاع میں بھی تمام سرکاری اور پرائیوٹ سکول کھول دیئے جائیں گے۔ برائے مہربانی گورنمنٹ کے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبر پی کے میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے 92 اموات ہوئیں جن میں سے 45 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 ہزار 253 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 72 فیصد، لاہور میں 45 فیصد، پشاور میں 35 فیصد اور بہاولپور میں 40 فیصد مریض ہیں۔ پنجاب میں 9 ہزار 839  اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 44  مریض ہسپتالوں میں اور 11 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ خیبر  پی کے میں 3 ہزار 970 جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 19 مریض ہسپتالوں میں جبکہ ایک مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔ اسلام آباد میں کل 746 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ کل پہلی دفعہ ایک دن میں اڑھائی لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کل 267،953 لوگوں کو ویکسین لگائی گئی۔ تمام رجسٹرڈ لوگوں سے درخواست ہے کے جلد اپنی ویکسی نیشن کے لئے ویکسین سینٹر جائیں۔ فیصل آباد میں کرونا کے مزید 4 مریض جاں بحق ہوگئے۔ الائیڈ ہسپتال میں کرونا کے مزید 3 مریض جبکہ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں ایک مریض دوران علاج چل بسا۔  الائیڈ ہسپتال میں کرونا کے داخل مریضوں کی تعداد 163، ڈی ایچ کیو میں 61 اور جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں 49 ہو گئی۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق گرین سٹی کا رہائشی ڈسپنسر عبدالسلام کرونا کے باعث ہلاک ہو گیا۔ شہری علاقوں میں کرونا کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآ مد کروایا جائے ۔ گگو منڈی کیہ رہائشی آ بادیوں گرین سٹی، قادریہ کالونی اور چک نمبر187۔ای بی میں کرونا کا شکار ہو کر اب تک 7/8کے قریب مریض دم توڑ چکے ہیں جبکہ متوفیان کی فیملی کے دیگر افراد بھی اس وبا کا شکار ہو گئے ہیں۔ کراچی محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں نئی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں شہریوں کی غیر ضروری نقل وحرکت پر رات 8 بجے کے بعد پابندی ہوگی جب کہ رات 8 کے بعد گاڑیوں کو بھی غیر ضروری طور پر نقل و حرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رات 8 بجے کے بعد کاموں کے لیے گاڑیوں کو صرف ایک فرد کیساتھ اجازت ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام پارکس اور جوگنگ ٹریکس بند ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو گاڑیوں میں گھومنے والے افراد کو روکنے کی بھی ہدایت کی ہے، اگر کسی کو ضروری کام یا ہسپتال جانا ہے تو اسے اجازت دی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...