دھڑے بندی‘ جماعت پر عدم اعتماد والی باتیں ہم میں نہیں:  ترین  گروپ 

May 26, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) جہانگیر ترین گروپ نے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب پر اعتماد کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھی ہیں اور رہیں گے۔ اختلافات ہوسکتے ہیں مگر دھڑے بندی اور اپنی جماعت پر عدم اعتماد والی باتیں ہمارے گروپ میں موجود نہیں۔ لاہور میں جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے ارکان کے اعزاز میں عشائیہ میں 21 ایم پی،  دو ایم این اے شریک ہوئے۔ ارکان کی  وزیراعلیٰ  پنجاب  عثمان بزدار اور وفاقی وزیر فواد چوہدری سے  ملاقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھاکہ  اجلاس میں  ارکان نے جہانگیر ترین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آئندہ پیشی پر عدالت جانے کے عزم کا اظہار کیا۔  جہانگیر ترین نے ارکان کو عدالت جانے سے روک دیا۔ اجلاس میں اس بات کا  اعادہ کیا گیا کہ اپنی علیحدہ شناخت برقرار رکھی جائے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے  میں   صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے کہا کہ  عشائیہ  دوستانہ ماحول تھاآج کوئی سیاسی بات نہیں ہوئی۔ سعید اکبر نوانی نے کہا کہ  وزیر اعظم نے ہمارے بارے میں  بلیک میلر کرنے  کے الفاظ یا بات کبھی نہیں کی۔ ایسی باتیں ہم سے منسوب نہ کی جائیں اور انہوں نے واضح کہا کہ کیا کہ ہم بھی کسی کو بلیک میل نہیں کر رہے۔ وزیراعظم نے جب بلیک میل کے الفاظ ادا کئے تو وہ ہمارے لیے نہیں کسی اور کے لئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ساتھ ہمارے معاملات ٹھیک چل رہے ہیں۔ ہمارا وزیر اعلی پر اعتماد مکمل ہے۔ عشائیہ کے میزبان اجمل چیمہ نے کہا کہ ہمیں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد ہے۔ اسمبلی سے ہر ممبر کا حق ہے وہ حلف لے چوہدری نثار کو بھی حق حاصل ہے۔

مزیدخبریں