اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چودھری نے کہا ہے کہ ملک معاشی طور پر استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین تحریک انصاف کی انتخابی اصلاحات کا اہم حصہ ہے۔ اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ کا حق دینا تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے۔ الیکشن کمشن اوورسیز پاکستانیوں کو قومی دھارے میں لانے کے لئے اقدامات کرے۔ متنازعہ ٹویٹ پر چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے کارروائی کے منتظر ہیں۔ وفاقی کابینہ نے کرونا سے مقابلہ کیلئے بوسنیا کو طبی امداد اور ادویات بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد جتنے بھی سہارے تلاش کر لے اب اس میں جان نہیں ڈالی جا سکتی۔ منگل کو وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ فواد چودھری نے بتایا کہ ملکی تاریخ کا پہلا کابینہ کا اجلاس ہے جو مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ ہوا۔ پہلی بار اجلاس میں کوئی کاغذ استعمال نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں دو تہائی گفتگو صرف معیشت اور آئندہ بجٹ کے متعلق ہوئی ہے اس لئے اسد عمر کو خصوصی طور پر بریفنگ کے لئے دعوت دی ہے۔ کابینہ کے فیصلوں کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے بتایا کہ سی پیک سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی شہریوں کے لئے ویزے کے خصوصی طریقہ کار کی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کرانے کی منظوری کے علاوہ پی ٹی وی کے نئے بورڈ کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ سیکرٹری اطلاعات بورڈ کی چیئرپرسن جبکہ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر بورڈ کے ارکان ہوں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں این ٹی ڈی سی کے ایم ڈی کی عارضی ذمہ داریاں محمد ایوب کو دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں کابینہ کے سب سے زیادہ اجلاس موجودہ دور حکومت میں ہوئے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں کے دور میں تین سال کے دوران کابینہ کے 23 ، جب کہ پیپلزپارٹی کے دور میں 67 اجلاس ہوئے اور پی ٹی آئی کی حکومت نے 226 اجلاس منعقد کئے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا پرچار کرنے والوں کا موجودہ حکومت کے ساتھ موازنہ کریں تو صورتحال سامنے آ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور میں ایک بھی کابینہ کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں ڈاکٹر شیریں مزاری کے بھائی اور وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کے بھائی کی رحلت پر فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعظم نے اپنی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا کہ برے حالات میں ہم نے معیشت سنبھالی تھی اور اب الحمد للہ استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے مسئلہ فلسطین پر قائدانہ کردار ادا کیا، کابینہ نے اس ضمن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دفتر خارجہ کے کردار کو سراہا۔ کابینہ نے ترکی اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہتری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں مسئلہ کشمیر پر پیشرفت کے حوالے سے وزیر خارجہ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو کابینہ نے سراہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے کابینہ کو پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اصلاحات کا اہم حصہ ہے، الیکشن کمیشن کے فیس بک پیج پر رپورٹ اور ٹویٹ پر کابینہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور ہم مطالبہ کرتے ہیں کی الیکشن کمیشن نے اپنی میڈیا ٹیم کے خلاف جو کارروائی کی ہے، اس کو منظر عام پر لانا چاہئے۔ وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بار ایسوسی ایشنز، پریس کلبز اور پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن نے اپنے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے، جو پریس کلبز اور بار کونسلز اپنے انتخابات ای وی ایم پر کروانا چاہیں گے ان سے بھرپور تعاون کیا جائے گا، یہ تمام لوگ اس کا ٹیسٹ بھی کر سکیں گے۔ فواد چودھری نے بتایا کہ ریحان حامد کو حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کی 29 اپریل 2021ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی، وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دیا گیا تھا، اس جماعت نے حکومت کو نظرثانی کی درخواست دی ہے، اس حوالے سے اس کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ اس کمیٹی کے سربراہ جب کہ مزید افسران وزارت داخلہ سے ہی کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی فائونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تعیناتی کی سمری موخر کر دی گئی ہے۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز کے بی ایس 20 کے آفیسر کیپٹن (ر) منیر اعظم کو پاکستان ٹوبیکو کمپنی بورڈ کا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ کابینہ نے افغان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں چھ ماہ کی توسیع کی منظوری دی۔جب سب کے اپنے اپنے مفادات ہوں تو اتحاد قائم نہیں رہ سکتا، پی ڈی ایم اب بکھر کر رہ گئی ہے، کوئی بھی اتحاد اب اس کو سہارا نہیں دے سکتا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ نیشنل اکائونٹ کمیٹی کے اعدادوشمار پر بہت تنقید ہو رہی ہے لیکن یہ اعدادوشمار ہر ماہ پیش کئے جاتے رہے ہیں اور کسی نے ان کو غلط نہیں کہا۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مختصر وقت میں دو سو ارب روپے تقسیم کئے گئے ہیں اسد عمر کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے قرضوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے، سیمنٹ کی ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے، ٹریکٹر کھاد اور دیگر زرعی آلات کی فروخت میں اضافہ بھی اسی جانب اشارہ کر رہا ہے کہ گروتھ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی پریشانی تو سمجھ آتی ہے کیونکہ انہوں نے معیشت کا بیڑا غرق کر دیا تھا اس کے باوجود اگر معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو رہی ہے لیکن باقی جماعتوں کی پریشانی سمجھ میں نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی ہر معاملے میں مداخلت پسند نہیں کرتے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حفیظ شیخ نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن کپتان کو مزید بہتری چاہئے تھی اسی لئے انہوں نے شوکت ترین کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں وزیر خزانہ تھا تو کپتان نے کہا کہ آپ پینتیس، چالیس سکور بناتے ہیں، مجھے سینچری مارنے والا کھلاڑی چاہئے تو انہوں نے مجھے تبدیل کر دیا۔