غزہ/دوحا/ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ ،صباح نیوز) اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے مغربی کنارے میں فلسطینی نوجوان شہید کر دیا۔اسرائیل نے اشیا ضروریہ کی فراہمی اور ماہی گیری کی اجازت دیدی،غیر ملکی ایجنسی کے مطابق سامان سے لدے ٹرک اسرائیل سے غزہ کی طرف روانہ ہو گئے،ان میں روٹیاں،ایندھن، غذائی اشیاء شامل ہیں،ترسیل 10مئی سے بند تھی۔ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے بیرون ملک سیاسی امور کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست کا دنیا میں کوئی مقام اوراعتبار نہیں۔ کانفرنس سے خطاب میں خالد مشعل نے کہا کہ فلسطینی قوم نے فتح ونصرت کا ایک ایسا راستہ اپنایا ہے جس میں القدس اور مسجد اقصیٰ ہماری جدو جہد اور محاذ آرائی کا عنوان بن گیا۔ فلسطینی قوم کی تمام نوعیت کی جدوجہد اور قربانیوں میں مسجد اقصیٰ اور القدس کی آزادی ہمیشہ مقدم رہی ہے۔ عالمی برادری، مسلم امہ اور عرب ممالک کو چاہیے کہ وہ فلسطینی قوم پر اعتماد کریں اور جھوٹ پرمبنی نام نہاد صہیونی ریاست کو مسترد کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے حکم اور اس کے فضل وکرم سے ہم مضبوط ہیں۔ مسلمان ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ ادھر امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن اسرائیل پہنچ گئے ،نیتن یاہو سے ملاقات کی،فلسطین کا دورہ کیا اور صدر محمود عباس سے بھی ملے،انہوں نے کہا اسرائیل کے دفاع کے حق کی حمایت کرتے ہیں،فلسطین کو 75ملین ڈالر امداد دی جائیگی، فلسطینیوں کیلئے مقبوضہ بیت المقدس میں امریکہ کا قونصلیٹ دوبارہ کھولا جائیگا۔ وائٹ ہائوس نے ایک بیان میں کہاک اس تین روزہ دورے میں وہ فلسطینی علاقوں کے علاوہ مصر اور اردن بھی جائیں گے۔ صدر عبد الفتاح السیسی اور اردن کے شاہ عبداللہ سے ملاقاتیں کریں گے۔
فائرنگ سے فلسطینی شہید:اسرائیل کا کوئی مقام ،اعتبار نہیں:خالد مشعل
May 26, 2021