شارع فیصل و دیگر اہم سڑکوں کی جدید طرز پر بیوٹی فیکیشن

کراچی (خبر نگار)ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ شارع فیصل سمیت کراچی کی اہم سڑکوں کی بیوٹیفکیشن اور انہیں جدید طرز پر آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، شہر کے مختلف علاقے جن شخصیات سے منسوب ہیں ان کے حوالے سے مونومنٹ بنائے جائیں گے، بڑے پارکوں کی دیکھ بھال اور تزئین و آرائش کے لئے ملٹی نیشنل کمپنیز اور دیگر اداروں سے مدد اور تعاون حاصل کر رہے ہیں، شہر کو بہتر اور جدید بنانے کے لئے روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید انداز اور تکنیک استعمال کرنی ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک کراچی کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر طے کیا گیا کہ شارع فیصل کی بیوٹیفکیشن جدید طرز پر کی جائے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ ہر علاقے کی اپنی ایک تاریخ اور تہذیب ہے کراچی کے مختلف علاقے جن اہم شخصیات سے منسوب ہیں ان کی مختلف شعبوں میں خدمات کو نمایاں کیا جائے گا تاکہ نئی نسل کو ان کے کارناموں اور خدمات کا علم ہوسکے، کراچی کی تاریخ صنعتی ترقی، بندرگاہوں، ماڈرن ازم اور جدید لائف اسٹائل کے بغیر ادھوری ہے، کراچی کی تاریخ کو اجاگر کرتے ہوئے پانچ ہزار قبل جانے کے بجائے اب نئے طرز زندگی کے بارے میں سوچنا چاہئے کیونکہ دنیا آج جدید ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے مسلسل آگے کی طرف بڑھ رہی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن