لاہور (نیوز رپورٹر،کامرس رپورٹر) چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے سی پیک کے تحت پاکستان میں 13 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے جبکہ مزید 12 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پائپ لائن میں ہے ، جو ملک میں انقلاب لائیگی۔ چینی سرمایہ کاروںکے ویزے کی مدت 3ماہ سے بڑھا کر 2سال کی جائے گی۔ وہ لاہور ملتان روڈ پر 150 ملین ڈالر کی چینی سرمایہ کاری کے ساتھ بننے والی چیلنج ٹیکسٹائل فیکٹری کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔چیئرمین سی پی ای سی اتھارٹی جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ مزید معاشی زون بنائے جارہے ہیں جس میں پاکستان میں زیادہ سے زیادہ چینی سرمایہ کاری آئے گی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی فیصل آباد اکنامک زون کا بھی دورہ کر رہے ہیں۔ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری لانے والے پاکستانی تاجر قمر بوبی کا کہنا تھا سی پی ای سی کے تحت پاکستان میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔