کورونا کیسز میں کمی،لاہورسمیت دیگر اضلاع میں7جون سےسکول کھولنے کا فیصلہ

May 26, 2021 | 11:08

ویب ڈیسک
کورونا کیسز میں کمی،لاہورسمیت دیگر اضلاع میں7جون سےسکول کھولنے کا فیصلہ
کورونا کیسز میں کمی،لاہورسمیت دیگر اضلاع میں7جون سےسکول کھولنے کا فیصلہ

لاہور:   صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کو دیکھتے ہوئے لاہور سمیت باقی تمام اضلاع میں آئندہ ماہ 7 جون سے تمام سکولوں کو کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

اس اہم فیصلے کی اطلاع صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے ایک بیان میں دی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور سمیت باقی ماندہ اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر

(این سی او سی) میں مشاورت ہوئی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اس مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ 7 جون سے باقی ماندہ اضلاع میں بھی تمام سرکاری اور پرائیوٹ سکول کھول دیئے جائیں گے۔ برائے مہربانی گورنمنٹ کے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل این سی او سی نے پانچ فیصد سے کم کورونا مثبت والے اضلاع میں تعلیمی ادارے 24 مئی سے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس کے علاوہ وزارت تعلیم نے پروفیشنل اور امتحانی اداروں کو امتحانات لینے کی اجازت بھی دے دی تھی۔ ایس او پیز کے تحت امتحانات لیے جا سکیں گے۔ تاہم اس کے لیے وزارت تعلیم سے اجازت لینا لازم ہوگا۔ تاریخ، شہر، تعداد اور سینٹرز سے متعلق بعد میں آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے کورونا ایس او پیز کے تحت تمام طلبہ کے امتحانات لینے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے، رواں سال کسی کو پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔

یہ اہم فیصلہ گزشتہ روز وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کہا گیا کہ پہلے دسویں اوربارہویں جماعت کےامتحانات ہوں گے جو جون کے تیسرے ہفتے میں لیے جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رزلٹ تاخیر سے ہونے کی صورت میں جامعات پروویژنل سرٹیفکیٹ کی بنیاد پر داخلے دیں گی۔ امتحانات 20 جون کے بعد سے شروع کیے جائیں گے، تاہم امتحانات کی تاریخ کا اعلان متعلقہ صوبے خود کریں گے۔

اس کے علاوہ اس مرتبہ موسم گرما کی تعطیلات کو بھی کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے بھی اختیار صوبائی حکومتوں کے پاس ہوگا کہ وہ کورونا وائرس کے پیش نظر کیا اقدام اٹھاتے ہیں۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت امتحانات ہر صورت لیے جائیں گے۔ تمام صوبے اساتذہ، نگراں عملے اور دیگر سٹاف کی بروقت ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ نہ ہونے والے افراد امتحانات میں نگران مقرر نہیں ہوں گے۔

بین الصوبائی وزرا تعلیم کمیٹی میں نیشنل ایجوکیشن ایسسمنٹ فریم ورک کو بھی صوبوں کیساتھ شیئر کرتے ہوئے اصولی منظوری دے دی گئی۔

مزیدخبریں