وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آنے والے دور میں مشترکہ طور پر چین اور پاکستان کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے حکمران جماعتوں چین کی کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرے سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کئی دہائیوں کے بعد تعاون پر مبنی سدابہار شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک انقلابی منصوبہ ہے اور سی پیک کے جاری منصوبوں کی تکمیل تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔دونوں جماعتوں کے تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی تحریک انصاف کے دوستانہ تعلقات ہیں اور دونوں جماعتوں نے بڑھتے ہوئے روابط اور باہمی تبادلوں کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا ہے۔