اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ پْرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے۔ سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے میڈیا اور سول سوسائٹی کے ساتھ ایک اہم بیٹھک کا کراچی کے مقامی ہوٹل میں جناب صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کی زیر صدارت اہتمام کیا گیا ہے۔ جس میں ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ، کراچی نے خصوصی شرکت کی۔ اِس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ پْرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد الیکشن کمشن کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمشن کی ہدایات کے تحت تمام ضروری احکامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمشن بلاتفریق اور سب کیلئے یکساں پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اِس سلسلے میں محترم چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو پرامن اور شفاف بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ڈائریکٹر (ایم سی او) الیکشن کمشن آف پاکستان قراۃ العین فاطمہ نے دورانِ تقریب کہا کہ اِس بیٹھک کے انعقاد کا مقصد میڈیا اور سِول سوسائٹی کو سندھ کے بلدیاتی نظام کے بارے میں بتایا جائے اور اِس کے ذریعے دوسرے لوگوں تک آگاہی دی جائے۔ پہلے مرحلے میں سندھ کے 14اضلاع میں (گھوٹکی، سکھر، خیرپور، جیکب آباد، کشمور، قمبر، شہداد کوٹ، لاڑکانہ، شکارپور، نوشہروفیروز، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، میرپور خاص، عمرکوٹ اور تھرپارکر) میں براہ راست پولنگ 26 جون 2022ء بروز اتوار ہوگی۔