اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے چیرمین سینٹ صادق سنجرانی کی جانب سے حلف کی پاسداری نہ کرنے کے خلاف درخواست درخواست گزار کو جرمانہ کے ساتھ مسترد کر دی۔ درخواست گزار نے کہاکہ میرا کیس چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے حلف کے حوالے سے ہے۔ آئین میں ایک پرفارمہ دیا گیا ہے اس پر عمل کر کے پبلک آفس ہولڈر بنے گا، صادق سنجرانی نے حلف میں کہا کہ اپنے ذاتی مفاد کو اپنے سرکاری فیصلوں سے نظر انداز نہیں کروں گا، میں سمجھتا ہوں کہ حلف غلط ہے حلف واپس لیا جائے، چیف جسٹس نے کہا کہ آئین کو سب نے ایک کاغذ کا ٹکڑا سمجھ رکھا ہے۔ آئین کا احترام کریں، ایک پارلیمان موجود ہے، آئین کے ساتھ گزشتہ کئی سالوں سے کھلواڑ کیا گیا، عدالت نے10 ہزار جرمانے کے ساتھ درخواست مسترد کرنے کا حکم سنا دیا۔