جی ڈی اے افسرکی گرفتاری ،ملازمین کی مزاحمت ،زبردست احتجاج

گوادر (بیورو رپورٹ)  پولیس کی جی ڈی اے افسر کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر اور گرفتاری کے خلاف ملازمین  نے شدید احتجاج کیا، پولیس  کی غنڈہ گردی کے خلاف نعرہ بازی  کی۔  تفصیلات کے مطابق جی ڈی اے کے آفیسر ناصر راجہ کے خلاف ایف آئی آر  درج اور ان کی گرفتاری کیلئے پولیس کی بھاری نفری جی ڈی اے آفس پہنچ گئی پولیس نے جی ڈی اے آفیسر ناصر راجہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جس پر جی ڈی اے کے ملازمین نے شدید احتجاج کیا اور مزاحمتکی ۔ پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ احتجاجی ملازمین  نے کہا  کہ گوادر پولیس نے ادارے کا تقدس پامال کیا، پولیس بغیر کسی اجازت کے ادارے میں گھس آئی ہے اور اپنی غنڈہ گردی ثابت کردی ۔انہوں نے کہا  کہ گوادر پولیس اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے سرکاری ملازمین کو اشتعال میں لانا چاہتی ہے تاکہ علاقے کے پرامن حالات خراب ہوں۔ انہوں  نے جی ڈی اے افسر پر جھوٹے مقدمے اور ایف آئی آر فوری طور ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پولیس  معافی نہیں مانگتی ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ دریں اثناء  حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان جی ڈی اے آفس پہنچ گئے۔انہوں  نے کہا کہ وہ جی ڈی اے کے ملازمین کیساتھ ہیں اور  جھوٹی ایف آئی آر کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں  نے کہا کہ گوادر پولیس نے منشیات فروشوں کو تو چھوٹ دے رکھی ہے پولیس  ناکام ہوگئی ہے جبکہ وہ شریف شہریوں اور سرکاری ملازمین کے خلاف اپنی کارروائیاں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پولیس کی غنڈہ گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور انھیں متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنا رویہ ترک کر دیں ورنہ گوادر میں کسی کو بلدیاتی انتخابات کرنے نہیں دی جائے گی۔دریں اثناء ضلعی  امیر جماعت اسلامی مولانا لیاقت بلوچ نے بھی مذمت کی ۔

ای پیپر دی نیشن