گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی طرف اسلام آباد کی طرف سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد راستوں کی ممکنہ بندش سے امیدواروں اور نگران عملہ کو مسائل سے بچانے کیلئے 25 مئی کو ہونے والے مطالعہ پاکستان کے پرچہ کو گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ نے رات تاخیر سے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ۔بروقت اطلاع نہ ملنے پر سینکڑوں امیدوار لاعلمی میں پرچہ دینے کیلئے مختلف امتحانی سنٹروں پر پہنچ گئے۔ تاہم امتحانی سنٹروں پر نگران عملہ کی عدم موجودگی اور پرچہ نہ لینے پر امیدوار تشویش میں مبتلا دکھائی دئے اور پیپر نہ ہونے پر مایوس گھروں کو لوٹ گئے۔ بورڈ ذرائع کے مطابق دہم کا ملتوی ہونے والا مطالعہ پاکستان کا پرچہ نہم کے امتحان ختم ہونے کے بعد لیا جائے گا۔ جس کیلئے امیدواروں کو باقاعدہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ تاہم نہم کے پرچوں کا باقاعدہ آغاز آج سے شیڈول کے مطابق ہوگا۔امتحان میں 2 لاکھ 40 ہزار 877 امیدوار شریک ہوں گے جن کیلئے 770 امتحانی سنٹرر قائم کئے گئے ہیں۔ ان میں 93 سنٹرز حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں کنٹرولر امتحانات حافظ خالد محمود سرگانہ کا کہنا تھا کہ نہم کے امتحانات آج سے شروع ہورہے ہیں۔ امتحانات کو صاف اورشفاف بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔