اسلام آباد+ لاہور+ نئی دہلی+ سرینگر+ لالہ موسیٰ (نوائے وقت رپورٹ+ خبرنگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ کے پی آئی+ نمائندہ نوائے وقت) متعصب بھارتی عدالت نے کشمیری حریت پسند رہنما یاسین ملک کو جھوٹے کیس میں دو بار عمر قید کی سزا سنا دی۔ بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو 19 مئی کو دہشتگردی فنڈنگ کے جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا۔ عدالت نے گزشتہ روز صبح مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ یاسین ملک نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے گاندھی کے اصولوں پر عمل پیرا رہا ہوں‘ بھارتی انٹیلی جنس کسی دہشتگرد سرگرمی میں ملوث ہونا ثابت کر دے تو سیاست چھوڑ دوں گا‘ سزا سے متعلق زندگی کی کوئی بھیک نہیں مانگوں گا‘ موت کی سزا بھی قبول ہو گی۔ یاسین ملک نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں برسوں سے قید ہیں۔ حریت رہنما پر 10 لاکھ بھارتی روپے کا جرمانہ بھی کیا گیا۔یاسین ملک نے عدالت سے پوچھا کہ اگر میں دہشتگرد تھا تو بھارت کے 7 وزیراعظم مجھ سے ملنے کشمیر کیوں آتے رہے؟ وزیراعظم واجپائی کے دور میں مجھے پاسپورٹ کیوں جاری ہوا؟ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارتی جمہوریت اور اس کے نظام انصاف کیلئے سیاہ دن ہے۔ یاسین ملک کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مارچ 2019ء میں قید کیا گیا تھا۔ فیصلہ سنانے کیلئے یاسین ملک کو انتہائی سخت سکیورٹی میں نئی دہلی کی عدالت میں پہنچایا گیا۔ دریں اثناء آصف زرداری نے فیصلے کو انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ سری نگر میں قابض بھارتی فورسز نے بھاری نفری تعینات کر دی۔ لال چوک دیگر علاقوں میں کشمیریوں نے مظاہرے کئے۔ سری نگر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی۔ بھارتی فوج نے شمالی کشمیر میں 3 کشمیری نوجوانوں کو ریاستی دہشت گردی کی کارروائی میں شہید کر دیا ہے۔ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں پٹن کے نجی بھٹ علاقے میں بدھ کے روز بھارتی فوج نے تلاشی آپریشن شروع کیا۔ یاسین ملک کے خلاف غیر منصفانہ بھارتی عدالتی فیصلے کے خلاف وادی میں بدھ کے روز مکمل ہڑتال رہی۔قابض حکام نے لوگوں کو عدالتی فیصلے کے خلاف مظاہرے کرنے سے روکنے کے لیے پورے علاقے میں بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ نامعلوم افراد نے ضلع کولگام کے علاقے یاری پورہ میں پولیس اور سی آر پی ایف کی ایک ناکہ پارٹی پر دستی بم سے حملہ کیا۔ فائرنگ سے تین شہری زخمی ہوئے ۔ وفاقی مشیر برائے امور کشمیر چوہدری قمر زمان کائرہ نے یاسین ملک کے خلاف بھارتی عدالت کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا یٰسین ملک کو عمر قید کی سزا دینا ایک سفاک عمل ہے۔ادھر دفتر خارجہ میں بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا گیا۔ یاسین ملک کی سزا کیخلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان یاسین ملک سے متعلق بدنیتی پر مبنی فیصلے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ بھارتی ناظم الامور اپنی حکومت کہیں کہ یاسین ملک کو بے بنیاد الزامات سے بری کرے۔ یاسین ملک کو خراب صحت کے باوجود قید میں ڈالے جانے پر حکومت پاکستان نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت یاسین ملک کی خیریت یقینی بنائے اور قید سے فوری رہائی کا بندوبست کرے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے یاسین ملک کو جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پر سزا سنانے کی مذمت کی ہے۔ بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائر یکٹر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ یاسین ملک کو جعلی الزامات پرعمر قید کی سزا سنائی گئی ہے، بھارت غاصبانہ اقدامات سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔ کشمیری عوام کی حقیقی جدوجہد ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی تحریک میں ساتھ کھڑے ہیں۔ چیئرمین پی پی پی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی حریت رہنما یاسین ملک کی شرمناک مقدمے میں غیرمنصفانہ سزا کی مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کبھی بھی کشمیریوں کی حق خود ارادیت اور آزادی کے لئے آواز کو دبا نہیں سکتا۔ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کشمیریوں کو ان کی جدوجہد میں تمام ممکنہ حمایت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ سراج الحق نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور یاسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالتوں کی جانب سے عمر قید سزا کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی عدالت کا فیصلہ ظالمانہ، جابرانہ ہے اس سے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔