اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر اپنے سعودی اور آسٹروی ہم منصبوں سے ملاقات کی جس میں فریقین نے وسیع تر دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مل کر کام کرنے کا کہا ہے۔ بلاول نے آسٹریا کے ہم منصب الیگزینڈر شلن برگ سے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آسٹریا کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان آسٹریا تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ پاکستان اور سعودی عرب نے معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت تمام شعبوں اور کثیر جہتی فورمز میں باہمی تعاون کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے سعودی ہم منصب ولی عہد شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی امور پر دونوں فریقوں کے یکساں خیالات کا جائزہ لیتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم سمیت ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور کشمیر کے نصب العین کے لئے غیر متزلزل یکجہتی پر سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا۔