لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدار کے گھر سے اسلحہ برآمدگی سے عمران خان اور ان کے حواریوں کے عزائم واضح ہو گئے ہیں۔ یہ آزادی مارچ نہیں خونی مارچ کی بھرپور منصوبہ بندی ہے، ایک کانسٹیبل کو بھی گولی مار کر پانچ بچوں کو یتیم اور ریاستی رٹ کو چیلنج کیا گیا۔ عمران نیازی اس ملک میں انارکی اور انتشار چاہتا ہے۔ ایک ایٹمی قوت والے ملک میں ایسی انارکی کی منصوبہ بندی ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانسٹیبل کمال احمد کے قتل اور اسلحہ برآمدگی سے ان کے مذموم عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ عمران نیازی تم گلی محلوں میں خون اور لاشیں گرا کر اقتدار کے خواب مت دیکھو۔ حکومت ایسے تمام گھناؤنے منصوبوں سے بطریق احسن نمٹے گی۔ پاکستان کی ساکھ اور امن امان کو داؤ پر نہیں لگانے دیا جائے گا کیونکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ راستوں کی بندش سے شہریوں کی مشکلات کا پورا احساس ہے، مشکلات پر شہریوں سے معذرت خواہ ہوں۔ ہم نے پاکستان کے مفادات کو سامنے رکھ کر پاکستانی کی حیثیت سے عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ بڑے قومی مقصد کے حصول کیلئے ایسی تکلیف کوئی حیثیت نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حواری وطن عزیز کی بنیادوں کو کھوکھلا کررہے ہیں۔ دھرنا سیاست یا مارچ سے پاکستان کو آگے نہیں لے جایا جاسکتا۔ عمران خان کا گھناؤنا چہر ہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص اقتدار کے لئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔ عمران خان نے پھر یو ٹرن لے لیا، دھرنے سے جلسے پر آگئے، اب جلسے سے بھی بھاگیں گے۔ خان صاحب کدھر ہیں وہ 20 لاکھ لوگ جو آپ نے لے کر آنے تھے۔ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، کوئی غیر آئینی غیر قانونی مطالبہ نہیں مانا جائے گا۔ حمزہ شہباز نے سینئر صحافی طلعت اسلم کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یاسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا دینے کی شدید مذمت کی ہے ۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے کہا کہ کسی ثبوت اور گواہی کے بغیر سزا دے کر انصاف کا گلا گھونٹا گیا۔ یاسین ملک کو سزا دے کر بھارتی عدالت نے انصاف کا قتل عام کیا ہے۔