کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی،مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ان کے دفتر میں ورلڈ بینک کے وفد نے مسٹر رولینڈ ایم ایس کی سربراہی میں ملاقات کی، میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے، ورلڈ بینک کے وفد میں مسٹر رولینڈ کے علاوہ شعیب راشد اور محترمہ ذیشان بھی شامل تھے، وفد نے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی ، خاص طور پر کلک کے زیر انتظام منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیاجائے گا اور ورلڈ بینک کے تعاون سے کراچی میں جاری منصوبوں کے معیار اور شفافیت کا بھرپور خیال رکھا جا رہا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی کی تعمیر و ترقی میں ورلڈ بینک کا تعاون جاری رہے گا، ورلڈ بینک کے وفد کو ایڈمنسٹریٹر کراچی نے حکومت سندھ کے تحت تعمیر ہونے والے منصوبوں سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا، ملاقات میں بلدیاتی اداروں کے لئے پراپرٹی ٹیکس جمع کرنے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی کی بہتری اور ترقی کے لئے یہ ضروری ہے کہ عوام واجب الادا ٹیکسز بروقت ادا کریں تاکہ وہ ترقیاتی مدات میں خرچ کئے جاسکیں، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جائیں ، انہوں نے کہا کہ کراچی کے ترقی یافتہ علاقوں کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ ایسے غیر ترقی یافتہ اور پسماندہ علاقوں پر بھی توجہ دے رہی ہے جو ماضی میں نظر انداز رہے، انہوں نے کہا کہ کئی غیر ترقی یافتہ علاقو ں میں کلک کے زیر انتظام سڑکوں کی تعمیر کا آغاز کیا گیا ہے جس سے لوگوں کو آمدورفت کی سہولتیں میسر آئیں گی، میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی نے اس موقع پر ورلڈ بینک کے وفد کو تفصیلی بریفنگ دی اور زیر تعمیر منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔