کراچی (نیوز رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون‘ سائنس وٹیکنالوجی کی بدقسمتی رہی ہے کہ مختلف لابیوں کے اثر رسوخ کے سبب کوئی وائس چانسلر کامیاب نہیں ہوسکا۔ جامعہ کی 20برس کی تاریخ میں 15 وائس چانسلر تعینات کئے گئے جن میںمستقل وائس چانسلرز کی تعداد 6 ہے۔ حیرت انگیز طور پر صرف ایک وائس چانسلر اپنی مدت پوری کر سکے۔ 13نومبر 2002 کو پہلے وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی ایک سال ایک ماہ 22 روز تعینات رہے۔ 7 جنوری 2004 کو آفتاب احمد خان بحیثیت ناظم اعلیٰ جامعہ 8 ماہ 21 روز تعینات رہے۔30 ستمبر 2004 کو پروفیسر ڈاکٹر اقبال محسن تعینات ہوئے جو ایک سال 8 ماہ 9 روز تعینات رہے۔ پروفیسر ڈاکٹر کمال الدین بطور انچارج 9 جون 2006 کو تعینات ہوئے جو ایک سال 8 ماہ 11 روز تعینات رہے۔ 22 جنوری 2008 کو تعینات ہونے والے ڈاکٹر قیصر اقبال واحد وائس چانسلر تھے جو 5 سالہ مدت مکمل کر کے گئے۔ بعد ازاں یکم فروری 2013 سے 10 مارچ 2015 تک 2 سال 10 روز ڈاکٹر ظفر اقبال تعینات رہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر(قائم مقام)11 مارچ 2015 سے 12 اگست 2015 تک 4 ماہ 29 روز تعینات رہے۔ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد(قائم مقام) 12 اگست 2015 سے 14 ستمبر 2017 تک1 سال 9 ماہ 19 روز تعینات رہے۔7 دسمبر 2017 کو پروفیسر ڈاکٹر سید الطاف حسین 8 ماہ قائم مقام وائس چانسلر رہنے کے بعد 10 اگست 2018 سے بطور مستقل وائس چانسلر ایک سال ایک ماہ اور 13 روز تعینات رہے ۔ پروفیسر ڈاکٹر عارف زبیر (قائم مقام) 7 جنوری 2020 سے 4 ماہ 28 روز قائم مقام وائس چانسلر تعینات رہے۔ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق (قائمقام)17 ستمبر 2020 کو 6 ماہ کے لئے تعینات رہیں، جس کے بعد 16 مارچ 2021 کوڈپٹی چیئر سینیٹ اے کیو خلیل نے ازخود نگراں دفتر شیخ الجامعہ کے طور پر چارج سنبھال لیامگر25 اکتوبر 2021 کوسینیٹ اجلاس میں انہیں ہٹا کر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیا القیوم (قائمقام) کو 14واں وائس چانسلر بنایا گیا تھا جو 25 مئی کو 15 ویں وائس چانسلر ڈاکٹر اطہر عطاء کے منصب سنبھالنے تک تعینات رہے۔
مختلف لابیوں کااثرو رسوخ‘ کوئی وائس چانسلر کامیاب نہ ہوسکا
May 26, 2022