میٹرک بورڈ،جنرل گروپ کے طلباء و طالبات کیلئے اہم اطلاع


کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی میں کشیدہ صورتحال کے باعث میٹرک کے سالانہ امتحانات میں شرکت سے محروم رہ جانیوالے امیدواروں کیلئے امتحانی پرچے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ممکنہ احتجاج اور نمائش چورنگی پر راستے بند ہونے کی وجہ سے متصل امتحانی مرکز پر طلبہ و طالبات وقت پر نہ پہنچ سکیںتاہم میٹرک بورڈ نے راستوں کی بندش کی وجہ سے تاخیر سے امتحانی مراکز پہنچے والے طلبہ کو اتنا ہی اضافی وقت دینے کا بروقت اعلان کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ممکنہ احتجاج اور نمائش چورنگی پر راستے بند ہونے کی وجہ سے جیکب لائن نمبر ایک کے امتحانی مرکز پر طالبات تاخیر سے پہنچیں، اس حوالے سے والدین نے مطالبہ کیا کہ طالبات کو اضافی وقت دیا جائے۔ دوسری جانب ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر قائم مقام ناظم امتحانات عمران طارق نے کہا ہے کہ بروز بدھ 25مئی کو شام کی شفٹ میں نہم و دہم جنرل گروپ کے جنرل سائنس (پرچہ اول) کے سالانہ امتحانات کے دوران جو طلباء  و طالبات شہر میں راستوں کی بندش کے باعث دیر سے امتحانی مراکز پہنچے ہیں وہاں کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وہ امیدواروں کو اضافی وقت لازمی دیں۔ بعد ازاں شہر میں کشیدہ صورتحال کے باعث جو امیدوار بھی امتحان میں شرکت نہیں کرسکے ان کیلئے امتحانی پرچے کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن