ملتان (نمائندہ نوائے وقت)ملتان ڈویژن بھر میں گڈ گورننس کا عملی ماڈل متعارف کروادیا گیا۔ انجینئر عامر خٹک نے سرخ فیتہ اور کرپشن کے مرتکب محکموں کے احتساب کا حکم دیدیا جبکہ محکموں میں بہترین کوارڈینیشن کیلئے فائل ٹریکنگ سسٹم بھی نافذ کردیا۔ کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ کمشنر آفس عوامی فلاحی منصوبوں پر خصوصی فوکس کرے گانامکمل سکیموں اور روائتی سستی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے پی ایچ اے، ایم ڈی اے، واسا، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور ضلعی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ فائل ٹریکنگ سسٹم کے تحت شہریوں کی درخواستوں پر فوری کارروائی ہوگی۔کسی بھی لیول پر لاپرواہی یا سستی کی بنا پر فائل کو ڈیسک کی زینت بنانے والوں کیخلاف کارروائی کروں گا۔کمشنر انجینئر عامر خٹک نے شہر اولیاء کی خوبصورتی کیلئے پی ایچ اے کو ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں ثقافتی رنگ کو خصوصی طور پر نمایاں کیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ زبانی دعوؤں کے برعکس عوام کو بیوٹیفکیشن پر عملی کام نظر آنا چاہئے ۔ ایم ڈی اے ٹریفک پولیس کیساتھ ملکر ٹریفک پلان مرتب کرے۔ محکمہ تعلیم سکولوں میں مسنگ فیسلٹیز،کسی بھی سکول پر قبضہ،پانی بجلی، فرنیچر وغیرہ کی کمی بارے تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے شفقت رضا نے کہا کہ 71 پارکوں میں سے 61 پارکوں کی تزین و آرائش مکمل کی جاچکی ہے۔شاہ شمس پارک کی تزین و آرائش مکمل ہے جبکہ 2.9 ایکڑ پر محیط جھیل کی اپ گریڈیشن بارے ہلان مرتب کر لیا گیا ہے۔