سوات (نامہ نگار)سوات سے تحریک انصاف کا قافلہ پی ٹی آئی ملاکنڈ کے صدر ایم پی اے فضل حکیم کی قیادت میں روانہ ہوگیا، قافلہ میں گاڑیاں زیادہ اور کارکنوں کی تعداد نہ ہونے کی برابر تھی ، گزشتہ روز روانگی سے قبل سوات سے کارکنوں کی اسلام آباد مظاہرے میں شرکت کیلئے بڑا اہتمام کیا گیا تھا اور گاڑیوں کی ایک بہت بڑی تعداد کو مینگورہ شہر کے مشہور میلہ ڈاگ میں جمع کرکے کارکنوںکی آمد کا انتظا ر کیا جارہا تھا لیکن آخر وقت تک کارکنوں کی ایک محدود تعداد ہی اسلام آباد جانے کیلئے پہنچ سکی۔
، روانگی سے قبل ایم پی اے فضل حکیم نے روایتی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ہم امپورٹڈ حکومت کو نہیں مانتے ، ہماری حکومت میں ہر کسی کو اپنا حق حاصل تھے لیکن ایک سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کرکے ہماری حکومت ختم کردی گئی جسے دوبارہ حاصل کرنے کیلئے عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد جارہے ہیں اور وہیں سے اس وقت تک واپس نہیں آئیں گے جب تک نااہل اور امپورٹڈ حکمرانوںکو چلتا نہ کردیں ، انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک وقوم کو باعزت جینے اور امریکہ کی غلامی سے آزادی دلانے کیلئے ہمارا ساتھ دیں تاکہ مرکز میں بھی ان کی حکومت قائم ہوکر چوروں اور غداروں سے قوم کو نجات دلائی جاسکے ۔
سوات سے تحریک انصاف کا قافلہ روانہ ،امپورٹڈ حکومت نہیں مانتے، فضل حکیم
May 26, 2022