مظفرآباد(نمائندہ خصوصی)دارالحکومت مظفرآباد سے پاکستان تحریک انصاف کا بڑا قافلہ آزادی مارچ میں شرکت کے لیے روانہ ہوا،قافلے کی قیادت وزیر بلدیات ودیہی ترقی خواجہ فاروق احمد،وزیر تعلیم دیوان علی چغتائی،وزیر منصوبہ بندی وترقیات چوہدری رشید،وزیر خزانہ عبدالماجد خان ،سابق امیدوار اسمبلی میر عتیق الرحمن سمیت دیگر قائدین کررہے تھے۔قافلہ کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ قائد پاکستان عمران خان ملک کی خودمختاری،قوم کی عزت اور پاکستان کے وقار کی جنگ لڑرہے ہیں۔عمران خان سچے اور کھرے پاکستانی ہیں اور وہ ملک وقوم کو دنیا کی باوقار اقوام میں دیکھنا چاہتے ہیں اس لیے انہوں نے حقیقی آزادی کی جنگ کا فیصلہ کیا ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ قوم منظم انداز میں کسی لیڈر کے ساتھ نکل رہی ہے اورا س کی آواز پر پوری قوت کے ساتھ لبیک کہہ رہی ہے۔آزادی مارچ پاکستان کی حقیقی آزادی کا ضامن ہے اور عمران خان کی قیادت میں قوم اس مارچ کو کامیاب بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کو روکنے کے لیے حکمران اتحاد نے گھنائونے ہتھکنڈے استعمال کیے لیکن وہ عوام کا راستہ نہیں روک سکے اور نہ روک سکیں گے۔
آزادی مارچ ملک کے لیے ہے اور مکمل طورپر پرامن ہے۔حکمران اسے تشدد کے ذریعے پرتشدد بنانا چاہتے ہیں لیکن انہیں ناکامی ہوگی۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آج ساری کشمیری قوم حریت راہنما یاسین ملک کے خلاف بھارتی عدالت کے متنازعہ فیصلے کیخلاف سراپااحتجاج ہے اور کشمیری اپنے وکیل پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے امپورٹڈ حکمرانوں نے اسلام آباد فتح کرنے پر توجہ مرکوز رکھی ہے۔حریت قائدین یاسین ملک کے سنگین معاملے پر پاکستان پر مسلط حکمرانوں نے مذمت تک گوارا نہیں کی۔یاسین ملک تحریک حریت کے مسلمہ راہنما ہیں،بھارت آزادی کا نعرہ بلند کرنے پر انہیں اپنی عدالت کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنارہا ہے۔بھارت جان لے کہ وہ آگ سے کھیل رہا ہے وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کرسکتا اور نہ ہی اپنے منفی ہتھکنڈوں میں کامیاب ہوسکتا ہے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ عمران خان کی کال پر ساری کشمیری قوم نے لبیک کہا ہے کیونکہ عمران خان نے اپنے عمل وکردار سے خود کو کشمیریوں کا حقیقی وکیل ثابت کیا ہے ،آج ساری کشمیر ی قوم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
وزراء حکومت کی قیادت میںمظفرآبادسے آزادی مارچ قافلہ روانہ ہوا،احتجاج پاکستان کی حقیقی آزادی کا ضامن ،کامیاب بنائیں گے
May 26, 2022