کراچی (کامرس رپورٹر+بزنس رپورٹر)قائم مقام گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر مرتضیٰ سیّد نے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بنک سیماکامل اور سینئر مینجمنٹ کے ہمراہ کراچی میں میزان بنک کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ گورنر سٹیٹ بنک نے میزان روشن ڈیجیٹل سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس سنٹر کے قیام کامقصد روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس صارفین کی ضروریات پورا کرنا ہے۔ اس موقع پر میزان بنک کے بورڈ چیئرمین ریا ض ایس اے اے ادریس اوربنک کے بانی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی بھی موجودتھے۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر سٹیٹ بنک نے اپنے خطاب میں ترسیلاتِ زر کے شاندار حجم اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں ایک ارب ڈالر کی ترسیلات وصول کرنے پر بنک مینجمنٹ اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دیگر بنکوں کو بھی ترسیلاتِ زر بڑھانے کیلئے اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور اس سنگِ میل کے حصول کیلئے اختراعی ذرائع اختیار کرنے چاہئیں۔ اس موقع پر ڈیپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر سید عرفان علی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سلیم اللہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سہیل جواد اور سٹیٹ بنک کے چیف ترجمان عابد قمر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عرفان صدیقی نے آر ڈی اے اقدام میں تعاون اور میزان روشن ڈیجیٹل سنٹرکے افتتاح میں سرپرستی پر سٹیٹ بنک کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ میزان بنک اس اہم اقدام کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے پوری طرح پْرعزم ہے۔ میزان بنک کے بورڈ چیئرمین ریا ض ایس اے اے ادریس نے ملک میں اسلامی بنکاری کے فروغ کیلئے تعاون اور کوششوں پرسٹیٹ بنک کا شکریہ اداکرتے ہوئے قیادت کو یقین دلایاکہ میزان بنک کا بورڈ سٹیٹ بنک کے مختلف اقدامات بشمول آرڈی اے، کم لاگت ہاؤسنگ اور ایس ایم ای فنانسنگ کو سپورٹ فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔