لاہور(آئی این پی+ خبر نگار +نیٹ نیوز) اینٹی کرپشن عدالت کی جانب سے پرویز الہیٰ کی عبوری ضمانت خارج ہونے کے بعد انسداد کرپشن کی ٹیم سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے گھر میں داخل ہوگئی اور تلاشی لی۔ ڈائریکٹراینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گوجرانوالہ، ایس پی آپریشنز، ایس پی پرویز الہیٰ کے گھر میں داخل ہوگئے جبکہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے پولیس کی مدد بھی طلب کی ۔ جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی رہائشگاہ کے باہر موجود رہی ۔اس سے قبل ظہور الہٰی روڈ کو پولیس نے ٹریفک کے لئے بند کر دیا ۔ ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں کے مقدمے میں اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کرنے کا حکم دیا۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نے ساتھ ہی ان کی حاضری معافی کی درخواست بھی خارج کردی۔ پرویز الٰہی اپنی عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے کے باوجود اینٹی کرپشن عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ وکیل امجد پرویز نے پرویز الٰہی کی طبی بنیادوں پر حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ وکیل نے مو¿قف اختیار کیا پرویز الٰہی کو سینے میں درد ہے، اس لیے عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا پرویز الٰہی کا میڈیکل جعلی ہے۔ عدالت نے وکیل سے کہا لائیں رپورٹس دکھائیں، میں ابھی فیصلہ کرتا ہوں۔ عدالت نے میڈیکل رپورٹس فوری پیش کرنے کی ہدایت کردی۔صدر تحریک انصاف چوہدری پرویز الہٰی کے ترجمان اقبال چوہدری نے کہا سابق وزیراعلیٰ پنجاب گھر پر موجود نہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا گھر میں صرف پرویز الہٰی کی فیملی ہے۔ ترجمان نے کہا پولیس سرچ وارنٹ دکھائے تو گھر کی تلاشی لینے دیں گے۔
پرویز الہی