پشاور اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ خبرنگار خصوصی) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے شرپسندوں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں لہٰذا انہیں سزا ضرور ملے گی۔ 9 اور 10 مئی کے دوران پیش آنے والے دلخراش واقعات نے 23 کروڑ عوام کو شدید دلی صدمہ پہنچایا اور غم و غصے کی لہر پورے پاکستان میں پھیل گئی۔ تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟۔ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنا دیا گیا۔ قومیں اپنی تاریخی ورثے اور شناخت کی حفاظت کرتی ہیں لیکن یہاں جلا دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان نے انہیں 9 مئی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی اسی عمارت سے 14 اگست 1947ءکو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں اور مملکت خداداد کی آزادی کا اعلان کیا لیکن 9مئی کو یہاں 100 سال کے ریکارڈ اور تاریخی ورثے کو تباہ کردیا گیا۔ جنہوں نے یہ شرمناک کام کیا ہے ان میں اور دشمنوں میں کوئی فرق نہیں۔ 9 مئی کے شرپسندوں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق نہیں، شر پسندوں کو قانون اور آئین کے مطابق ضرور سزا ملے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کی مرمت کا کام فوری شروع کرانے کی ہدایت کی اور ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب ریڈیو پاکستان کی عمارت کو دیکھ کر بہت دکھی ہیں، اس سے بڑھ کر کوئی ملک دشمنی نہیں ہوسکتی، ساتھ ہی چاغی کی یادگار تھی اسے بھی راکھ کا ڈھیر بنادیا گیا، یہ یادگار پاکستان کی دفاعی قوت کا شاہکار تھا۔ یہاں موجود آرکائیوز کو بھی جلا دیا گیا۔ قومیں اپنی شناخت اور تاریخی ورثے کو جان سے بھی عزیز رکھتی ہیں اور یہاں انہیں راکھ کا ڈھیر بنادیا گیا۔ کاش کہ وہ ڈیجیٹائز ہوچکی ہوتیں لیکن وقت نے ساتھ نہیں دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں اس ادارے کے عملے کے حوصلے اور شجاعت کی داد دینا چاہتا ہوں۔ عبداللہ اور نصیر نے جس طریقے سے ان بلوائیوں کا مقابلہ کیا اور زخمی ہوگئے ان کی شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ایسے دلخراش واقعات کے بعد ہمیں اندازہ ہونا چاہیے کہ جن لوگوں نے یہ انتہائی شرمناک کام سرانجام دیا ان میں اور دہشت گردوں اور دشمنانِ پاکستان میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ایسے واقعات دوبارہ کبھی رونما نہ ہوں گے۔ ایسے واقعات جو ہمارا ازلی دشمن بھی نہ سوچ سکا وہ اپنوں نے دہشت گرد بن کر سرانجام دیے۔ قانون اور آئین کے مطابق ان کو ضرور سزا ملے گی۔ بعدازاں پشاور میں امن و امان سے متعلق اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی اور 10 مئی کے واقعات کے حوالے سے میں نے بریفنگ لی ہے، خیبرپختونخوا میں لوگوں نے دہشت گردی کی اور دوست نما دشمنوں نے پاکستان دشمنی کی، فوج اور سول تنصیبات پر حملہ کرکے وہ کام کیا جو دشمن 75 برس میں نہ کرسکا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کو سول اور دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے ملک دشمنوں کو کیفرکردار تک نہ پہنچایا تو قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی، کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو گورنر ہاﺅس میں امن و امان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہدایت کی ہے کہ اس عمل میں کسی بے گناہ کو نقصان نہ پہنچے اور کسی کے ساتھ زیادتی بھی نہ ہو۔ تاہم جو لوگ بالواسطہ یا بلاواسطہ ملک دشمنی میں ملوث پائے گئے یا منصوبہ بندی کی ، وہ سب اس جرم میں شامل ہیں اور انہیں قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے ، بصورت دیگر قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی ملکی تاریخ کا تاریک دن ہے، فوجی تنصیبات اور سول املاک پر حملہ کرنے والے، اکسانے والے، ہدایات دینے والے اور منصوبہ بندی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پوری قوم نے عمران نیازی کا مکروہ چہرہ اور دوغلا پن دیکھ لیا ہے۔ جن پر پہلے اپنی حکومت ہٹانے کی سازش کا الزام لگایا انہی سے آج مدد مانگ رہا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق جمعرات کو گورنر ہاﺅس پشاور میں سیاسی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں۔ 9 مئی کو پورے ملک میں دہشت گردی کی گئی اور یہ دن ملک کی تاریخ کا تاریک ترین دن تھا۔ عمران نیازی کے حکم پر جتھوں نے یہ شرپسندی کی، انہیں باقاعدہ ہدایات دی گئیں۔ سیاسی جماعتیں احتجاج کرتی ہیں لیکن ان کا احتجاج پرامن ہوتا ہے۔ جنہوں نے گالم گلوچ کیا، فوجی اور سول تنصیبات پر حملے کئے وہ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں جہاں جہاں بھی یہ واقعات ہوئے ذمہ داروں کے خلاف قانون پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی آج اپیلیں کر رہا ہے، مدد مانگ رہا ہے۔ اب قانون حرکت میں آئے گا۔ وزیرِ اعظم سے رکن قومی اسمبلی غوث بخش مہر نے وزیرِ اعظم ہاو¿س میں ملاقات کی ہے۔ سردار غوث بخش مہر نے وفاقی حکومت کے سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے وزیرِ اعظم کی خصوصی دلچسپی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق کی رہائش گاہ گئے اور ان کے بڑے بھائی سردار محمود صادق کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف ن لیگ کے رہنما انجینئر امیر مقام کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے مسلم لیگ ن خیبر پی کے کے عہدیداروں نے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ ن خیبر پی کے سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
شہباز شریف