لاہور(نیوز رپورٹر)پی آئی ٹی بی کے محکمہ سماجی بہبود پنجاب کیلئے وضع کردہ ڈس ایبلڈ پرسنز مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (DPMIS) کے ذریعے اب تک 1 لاکھ 56 ہزار سے زائد معذور افراد اپنی رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیرِ صدارت جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سسٹم کے تحت پنجاب بھر کے معذور افراد اپنی میڈیکل اپوائنٹمنٹ کیلئے آن لائن درخواست دینے کے ساتھ ساتھ معذوری کا سرٹیفکیٹ بھی آن لائن حاصل کر سکتے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف نے کہا کہ اس اقدام سے معذور افراد کے محکمانہ دورے کم کر دیے گئے ہیں جبکہ خصوصی شناختی کارڈ کیلئے نادرا کی تصدیق بھی وقت کے ضیاع کے بغیر آن لائن ہو رہی ہے۔معذور افراد کا تمام ریکارڈ اب ڈیش بورڈ پر دستیاب ہے جن میں جنس، عمر، معذوری کی قسم، اور جغرافیائی تقسیم شامل ہیں۔پنجاب کے تمام 36 دارالامان اور ماڈرن چلڈرن ہوم کی رجسٹریشن اور رہائشیوں کی ضروریات، انتظامات اور نقل و حرکت کی نگرانی بھی اسی سسٹم کے تحت کی جا رہی ہے۔